نئی دہلی// آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا ہے کہ مودی حکومت تین طلاق بل راجیہ سبھا میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے اب آرڈی نینس کے ذریعہ اس قانون کو نافذ کرنا چاہتی ہے اور اگر ایسا ہے تو اس سے مودی حکومت کی ڈکٹیٹر شپ ظاہر ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بل راجیہ سبھا میں زیر التوا ہے اور راجیہ سبھا میں پاس ہونے کا انتظار کرنا چاہئے اور اس طرح آر ڈی نینس کے ذریعہ اس قانون کو مسلمانوں پر زبردستی تھوپنا جمہوری اصولوں کے خلاف ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس بل کے سلسلے میں مسلمانوں میں زبردست اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے اور حکومت کو مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھنا چاہے اور بل پیش کرنے سے پہلے مسلم پرسنل لا بورڈ سے صلاح و مشورہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ بھی صدر جمہوریہ سے اپیل کریں کہ ہ اس طرح کے آرڈی نینس پر دستخط نہ کریں ۔