جموں // ریاستی حکومت جموں وکشمیر کے غیر منظم شعبہ سے تعلق رکھنے والے کامگاروں کو معاشی و معاشرتی تحفظ فراہم کرنے کے لئے ایک اہم بہبودی سکیم لاگو کر رہی ہے۔’محافظ‘ سکیم کے تحت قریباً جموں وکشمیر بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ورکرس کو ویلفیئر بورڈ کامگاروں کو حادثہ، معذوری اور زندگی بیمہ کے دائرے میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان کے بچوں کو تعلیمی و ظائف بھی فراہم کئے جائیں گے۔ سکیم کے تحت چھوٹے پیمانے پرکامگاروں کو قرضہ جات فراہم کرنے کے علاوہ ان کا آن لائین اور دیگر طریقہ کار کے تحت اندراج یقینی بنانے کی سہولیت بھی بہم رہیں گی۔وزیر خزانہ، محنت و روز گار ڈاکٹر حسیب اے درابو کی جانب سے وضع کی گئی یہ وسیع سماجی تحفظ سکیم وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ رسمی طور8 جنوری 2018 کو یہاں شروع کریں گے۔ڈاکٹر درابو کے مطابق سماجی تحفظ سکیم کے تحت، جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی کے تین لاکھ کامگاروں کو حادثہ زندگی اور معذوری بیمہ کے دائرے میں لایا جائے گا جس کے لئے سالانہ 171 روپے کی قسط بورڈ ادا کرے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بورڈ’محافظ ‘ سکیم کے تحت کامگاروں کے بچوں کو تعلیمی وظائف بھی فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی درج شدہ کامگاروں کو چھوٹے پیمانے کے قرضہ جات فراہم کرے گا جس کی حد10000 روپے ہوگی۔