بانڈی پورہ //ارن بانڈی پورہ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں مقامی کرکٹ ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی قومی ترانہ گانے کی پاداش میں پولیس نے کیس رجسٹر کرکے 3افراد کو حراست میں لیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ہائر سکنڈری سکول ارن بانڈی پورہ میں دو ٹیموں نے فائنل میچ سے قبل لائن لگا دی اور پاکستانی قومی ترانہ گایا۔اس منظر کی ویڈیو کسی نے بنائی اور اسے سماجی وئب سائٹ فیس بک پر اپ لوڈ کی س کے فوراً بعد پولیس حرکت میں آئی اور اس نے کمنٹریٹر سمیت انتظامی کمیٹی کے 3افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ان کے خلاف پولیس تھانہ بانڈی پورہ میں غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ایکٹ کے سیکشن 13 کے تحت ایف آئی آر نمبر 4 آف 2018 درج کی گئی ہے۔پاکستان کا قومی ترانہ گانے اور پاکستانی ٹیم کی وردیاں پہننے میںملوث ٹیموں کی شناخت ایم سی سی گوندی پورہ اور دردپورہ کرکٹ کلب کے بطور کی گئی ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب کشمیر میں کرکٹ ٹیموں یا کھلاڑیوں کے خلاف پاکستان کا قومی ترانہ گانے یا پاکستانی ٹیم کی وردی پہننے کے جرم میں مقدمہ درج ہوا ہے۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو قطاروں میں کھڑے ہوکر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی ٹیم کی وردی جبکہ دوسری ٹیم کو سفید رنگ کی وردی میں دیکھا جاسکتا ہے۔گذشتہ برس (2017)میں مئی کے اواخر میں فیس بک پر نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں کی ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں مقابلے سے قبل پاکستان زیر انتظام کشمیر کا قومی ترانہ ’باغوں اور بہاروں والا۔ دریاؤں کوہ ساروں والا۔ آسمان ہے جس کا پرچم۔ پرچم چاند ستاروں والا۔ جنت کے نظاروں والا۔ جموں اور کشمیر ہمارا‘پڑھتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس سے قبل وادی میں اپریل کے اوائل میں بھی ایسی ہی ایک ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی تھی جس میں گاندربل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی وردی میں ملبوس کرکٹ کھلاڑیوں کو مقابلے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ پڑھتے ہوئے سنا گیا تھا۔