سڈنی/ آسٹریلیائی کپتان نے کہا کہ اس سیریز میں ان کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے اہم مقامات پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کوئی بھی موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔اس میچ میں کامیابی کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہاکہ گزشتہ دو مہینے زبردست رہے ۔ اس دوران ہم نے غیر معمولی کرکٹ کھیلی۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پرا سمتھ کو اس سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں ان کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے اہم مقامات پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کوئی بھی موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔اسمتھ کے بقول اس سیریز میں کامیابی میں فاسٹ بولرز نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق میرے خیال میں تمام بولرز نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ تمام بولرز نے ایک یونٹ کے طور پر کام کیا۔ ہمیں ان میچوں میں کامیابی کی خاطر وکٹیں ہی حاصل کرنا تھیں۔سڈنی ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی آسٹریلوی بولر پیٹ کمنز رہے ، جنہوں نے اپنی تیز رفتار بولنگ کی مدد سے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس پانچ میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر تئیس وکٹیں حاصل کیں۔
کمنز نے اس کامیابی پر کہاکہ میں اس سے زیادہ توقع نہیں کر سکتا تھا۔ناسازی طبیعت کے باعث انگلش کپتان جو روٹ نے اس میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو نہ کی۔ تاہم نائب کپتان جمی اینڈرسن نے ان کی جگہ میڈیا سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ آسٹریلوی ٹیم نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،ایمانداری کی بات ہے کہ ان تمام میچوں میں اہم مقامات پر آسٹریلیا نے ہم پر سبقت حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے اس سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی۔یواین آئی۔