جموں// سیاحت کے وزیر تصدق مفتی نے یہاں محکمہ سیاحت کی ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری کے علاوہ محکمہ کی طرف سے ہاتھ میں لی گئی سکیموں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں سیاحت اور ثقافت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی بھی موجود تھیں۔میٹنگ میں اور لوگوں کے علاوہ حکومت کے ایڈوائزر پردیپ سنگھ، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ، ناظم سیاحت جموں سمیتا سیٹھی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔تصدق مفتی نے اس موقعہ پر سیاحتی سرگرمیوں کو تقویت بخشنے کے لئے مزید تندہی اور لگن و ایمانداری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ علاقائی او ر کلچر کو ملحوظ نظر رکھ کر ماحولیات دوست ماسٹر پلان اور ویثرن دستاویزات تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور سروے سیاحتی پالیسی کا ایک متواتر حصہ ہونا چاہئے تا کہ ریاست کے تواریخی اقداراور قدرتی مناظر کے عین مطابق جدید بنیادی ڈھانچہ وجود میں لایا جاسکے۔تصدق مفتی نے کہا کہ آج کل کے دور میں ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کلیدی اہمیت کے حامل ہیں اور سیاحتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لئے ان کا بھرپور استعمال کیا جانا چاہئے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سودیش درشن سکیم کے تحت کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن میں سدھڑا گالف کورس کے نزدیک ایک امیوزمنٹ واٹر پارک قائم کرنا، باغ باہو میں لائٹ این ساو¿نڈ شو کے لئے میوزیکل آبی فوارے قائم کرنا، سچیت گڑھ بارڈر سیاحت کو فروغ دینا اور کٹرہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو دوام بخشنا بھی شامل ہے۔اس دوران بتایا گیا کہ ہائی وے سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لئے بھی خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔میٹنگ کے دوران سیاحوں کے لئے سفری سہولیات میں بہتری لانے کے لئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اس موقعہ پر مختلف پروجیکٹوں کو عملائے گئے، زیر عمل اور ہاتھ میں لئے جانے والے پروجیکٹوں کے طور پر زمرہ بندی کرنے کی ضرورت پر بھی زورد یا گیا تا کہ پروجیکٹوں کو موثر ڈھنگ سے عملایا جائے۔