ڈوڈہ //ڈسٹرکٹ رورل یوتھ ویلفیئر ایسو سی ایشن (DRYWA) نے ضلع ڈوڈہ میں دریائے چناب پر لکڑی کے پُل کو فوری طور بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں تنظیم کے صدر فرید احمد نائیک نے کہا ہے کہ ضلع ڈوڈہ کے پریم نگر میں دریائے چناب پر لکڑی کا پُل نہایت ہی خستہ ہوا ہے،جسکی وجہ سے اس سے ہزاروں زندگیوں کو خطرہ بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پُل کی تعمیر 1966میں کی گئی ہے لیکن تب سے اس پر لکڑی فرش کو کبھی نہیں بدلا گیا ہے۔اس پُل کو کئی زلزلوں سے بھی کافی نقصان ہوا ہے اور اسکی جانب فوری توجہ کی ضروت ہے۔ایسو سی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ یہ پُل دھارا، جٹھیلی، ڈونگرو، گوندنہ، مولوانہ، گلوانہ وغیرہ کوقومی شاہراہ کے ساتھ جوڑتا ہے اور اگر یہ پُل تباہ ہوگیا تو ان دیہات کے ہزاروں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ پُل اس علا قہ کے لوگوں کے لئے شہ رگ ہے، جسے خطرہ لاحق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پُل پر کوڑا کرکٹ اور بدرو پانی بھی خستہ حالی کی اہم وجہ ہے،جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بھی حادثہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسو سی ایشن کی ایک ٹیم نے کئی بار اس پُل کی صفائی کی لیکن صورتحال پھر بھی ویسا ہی رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسو سی ایشن اس لکڑی کے پُل کو بدلکنے کی مانگ کر رہی ہے تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔