جموں//این ایچ پی سی سے پاور پروجیکٹوں کی واپسی کو پی ڈی پی ۔بی جے پی اتحادی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے میں اہم حصہ قرار دیتے ہوئے حکومت نے کہاہے کہ ان پروجیکٹوں کی واپسی سے مرکز نے انکار نہیں کیااور اس سلسلے میں سرکاری سطح پر کوششیں جاری ہیں ۔حکیم محمد یاسین کے ایک سوال کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ ،جو محکمہ بجلی کے وزیر بھی ہیں ، نے بتایاکہ جیساکہ وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر 2015-16میں بتایاہے ، حکومت این ایچ پی سی پروجیکٹوں کی واپسی کیلئے پوری کوششیں کررہی ہے۔انہوںنے بتایاکہ 16مارچ 2015کو انہوںنے وزیر خزانہ کے ہمراہ مرکزی وزیر برائے بجلی سے ملاقات کی اور ڈول ہستی و اوڑی پروجیکٹوں کی واپسی کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی بجلی شعبے سے جڑے دیگر معاملات بھی تبادلہ خیال کیا ۔ انہوںنے بتایاکہ ان کی طرف سے پاور وزراء کی مختلف کانفرنسوں میں بھی اس معاملے کو اٹھایاگیاہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ 10/10/2017کو سرینگر میںمرکزی وزیر برائے بجلی کی قیادت میں ریاست کے بجلی سیکٹر کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے ہونے والی میٹنگ کے Minutesمیں حکومت ہند نے پاور پروجیکٹ ریاست کو واپس کرنے سے انکارکا کہیں ذکر نہیں کیا۔