سرینگر//12ویں جماعت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محتشم رفیقی کی کامیابی کے پیچھے اس کی والدہ کا ہاتھ ہے،جنہوں نے سخت لگن اور محنت کر کے محتشم کو کامیابی کی اس دہلیز پر پہنچایا۔ جمعرات کو جب 12ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج منظر عام پر آئے اور شعبہ سائنس میں برن ہال ہائر سکینڈری میں زیر تعلیم محتشم رفیقی نے494(98.8فیصد) نمبرات لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، تو اس کے گھر میں خوشیوں کا ٹھکانہ نہ رہا۔ محتشم کے والد افتخار رفیقی ،پیشہ سے ایک کاروباری ہیں،جبکہ انکی والدہ کانونٹ اسکول میں استانی ہیں۔اہل خانہ کے مطابق محتشم نے دسویں جماعت میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی،تاہم اب کی بار پھر انہوں نے اپنی دن رات محنت اور لگن سے اس کو بہتر کیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔ محتشم کمپیوٹر سائنس میں اپنا مستقبل آگے بڑھنا چاہتے ہیں،جبکہ کھیل کود اور موسیقی کے علاوہ مباحثوں میں بھی شرکت کرتے ہیں۔محتشم کے والد افتخار رفیقی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ انکا بیٹا بچپن سے ہی محنتی ہے،تاہم اس کو سنوارنے میں اس کی والدہ کا بڑا ہاتھ ہے۔انہوںنے کہا کہ محتشم کی والدہ نے اپنے دونوں بچوں کو از خود گائیڈ کیا،اور اس دوران انہیں از خود بھی کافی محنت کرنی پڑھی،تاہم برسوں کی محنت رنگ لائی اور ان کے دونوں بچے ٹاپر ہیں۔ افتخار رفیقی کے مطابق انکا بڑا بیٹا بھی ٹاپر تھا اور اس وقت پو نے مہاراشٹرا میں’’بی بی اے‘‘ کی ڈگری حاصل کر رہا ہے۔