پلوامہ+شوپیان // سانبورہ پلوامہ میں محاصرہ اور تلاشی کارروائی کے دوران شدید جھڑ پیں ہوئیں جن میں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے۔ ادھر شوپیان میںشبانہ کریک ڈائون کے دوران 2افراد گرفتار کئے گئے۔ فورسز نے جمعرات کی دوپہر سانبورہ گائوں کا اچانک محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی جس دوران مکینوں کو باہر نکالا گیا۔ جوں ہی تلاشی کارروائیاں شروع ہوئیں تونوجوانوں نے گائوں کارخ کیا اور فورسز کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی خاطر ہرطرف سے فورسز پر زبر دست پتھرائو کیا۔ فورسز نے جواب میں آنسو گیس کے گولے داغے، ساتھ ہی پیلٹ کا بھی استعمال کیا۔ جس سے کم از کم دو نوجوان زخمی ہو گئے جنہیں بعد میں علاج کے لئے اسپتال پہنچایا گیا۔ جبکہ غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق ایک نوجوان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔ یہ جھڑپیں کم ازکم ایک گھنٹہ تک جاری رہنے کے بعد اس وقت ختم ہوئیں جب فورسز نے گائوں کا محاصرہ ختم کر کے واپسی کی راہ لی۔ ادھربُدھ کی شب قریب بارہ بجے اندھادھند چھاپہ کاراوائی کے دوران شوپیان کے میمندر گائوں میںدو افرد کی گرفتاری عمل میںلائی گئی۔ فورسز نے آدھی رات کے قریب بارہ بجے کچھ مکانوں کو گھیرے میں لیکر گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ ایک لڑکا جو گھرمیں موجود نہیںتھا فورسزنے اس کے والدکو گرفتار کیا۔ ایس پی شوپیان نے واقع کی تصدیق کرتے ہوے کہا کہ یہ لوگ امن و امان بھگاڑنے میں ملوث تھے۔