سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے خشک سالی سے نجات پانے کیلئے نماز استسقاءکا اہتما م کرنے کی اپیل کی ہے۔ایک بیان میں جمعیت کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے کہا ہے کہ جہاں بیماریوں نے اہل وادی کو پریشان کررکھا ہے وہیں موسم کا یہ رُخ آئندہ بھی بے حد مسائل پیدا کرسکتا ہے اور قدرت کی ان آزمائشوں کے سامنے ساری انسانیت بے بس ہے۔ ڈاکٹر الکندی نے اپنے ایک بیان میں ائمہ و خطباءحضرات سے اپیل کی کہ مساجد میں نماز استسقاءکا اہتمام کریں اور بہ چشم نم گناہوں پر تائب ہوں۔بیان کے مطابق بجلی بحران نے بھی زندگی دشوار کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں انتظامیہ پر لازم بنتا ہے کہ وہ اس حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں نبھائے وہیں عوام بھی بجلی کا جائز استعمال کرنا اپنا شعار بنائے اور انسان دوستی کا ثبوت فراہم کریں۔