نئی دہلی، 11 جنوری (یواین آئی) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے کرو یا مرو کے مقابلے کے لیے کمر کس لی ہے جہاں وہ سیریز میں 1-1 کی برابری کے ہدف کے ساتھ اتریں گے ۔ہندوستان پہلا ٹیسٹ کیپ ٹاؤن میں 72 رنز سے ہارا تھا اور وہ اب تین میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک سے پیچھے ہے ۔ اگرچہ ٹیم انڈیا کے حوصلے بلند ہیں اور وراٹ نے 13 جنوری سے شروع ہونے والے اہم مقابلے سے پہلے ٹویٹر پر اپنی تصویر پوسٹ کرکے لکھا ہے کہ وہ اس میچ کے لیے کافی پرجوش ہیں۔ہندوستانی کپتان نے آل راؤنڈرہاردک پانڈیا کے ساتھ اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور لکھا "ہم جوبرگ شہر پہنچ گئے ہیں، جو بہت خوبصورت ہے ۔ ہم دوسرے میچ کے لیے تیاری کر رہے ہیں اور اس میچ کے لئے ہم کافی پرجوش بھی ہیں۔ "ٹیم انڈیا گھریلو میدان پر شاندارکارکردگی کے بعد بلند حوصلے کے ساتھ جنوبی افریقہ پہنچی تھی لیکن پہلے ہی میچ میں اس نے چار دن کے اندر گھٹنے ٹیک دیئے ۔ ٹیم کے اسٹار بلے باز وراٹ نے پہلے میچ میں صرف 05 اور 28 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور باقی بلے بازوں کی بھی کارکردگی مایوس کن تھی ۔گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے باوجود ہندوستانی ٹیم میچ جیت نہیں سکی تھی جبکہ آل راؤنڈر پانڈیا نے مشکل حالات میں اپنی 93 رن کی اننگ سے سبھی کا دل جیت لیا تھا۔خود کپتان وراٹ نے بھی پہلے میچ کے بعد اپنے پسندیدہ کھلاڑی پانڈیا کی جم کر تعریف کی تھی۔ دوسرے میچ میں ہندوستانی کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرکے سیریز کا دفاع کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے ۔یواین آئی۔