اوڑی+اسلام آباد//فوج نے کہا ہے کہ کمل کوٹ سیکٹر اوڑی میں پاکستانی فوج نے فائر بندی کی خلاف ورزی کر کے شدید فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ بھارتی افواج نے بھی جوابی کارروائی کی۔فوج نے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ رات فائرنگ کی۔ادھر کمل کوٹ سیکٹر میں ہی ایک روز قبل8آرآر سے وابستہ کلدیب سنگ نامی اہلکار اس وقت زیر زمین بچھائی گی بارودی سرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا جب وہ کنٹرول لائن پر واقعہ فوج کی بوچر نامی چوکی پر تعینات تھا ۔ادھر پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ بھارت کی فائرنگ سے ایک خاتون لقمہ اجل بن گئی۔پاکستان نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے پیر خانہ گائوں میں 65 سالہ خاتون حسین بی بی ہلاک ہوئیں ۔ خاتون شہری کی ہلاکت پر پاکستان میں تعینات بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے لگاتار فائر بندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور بھارت 1900سے زائد بار سیز فائرکی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ۔