سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کے ذمہ داروں نے وادی کے مختلف مقامات پر تہاڑ جیل میں بند کشمیری نظربندوں کی ناگفتہ بہہ حالت اور جموں کشمیر میں بھارتی فورسز اور پولیس کی جانب سے قتل عام اور ظلم و جبر کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے لوگوں سے مجوزہ پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ہمیں قتل کرواتے ہیں اور ہماری لاشوں پر اپنا اقتدار سجانے کی تاک میں بیٹھے ہیں ان لوگوں کو ووٹ ڈالنا اپنے آپ کو مصیبتوں میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ یہ لوگ بھارتی ظلم اور ان کے جبری فوجی قبضے کے حمایتی ہیں اور ان کو ووٹ دینے سے ہمیں ہر حال میں پرہیز کرنا چاہیے۔تحریک حریت کے محمد رفیق اویسی نے اسلام آباد(اننت ناگ )اور مدثر احمد بٹ نے کھمبر میں عوامی اجتماعات سے خطابات کئے۔ انہوں نے تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری قیدیوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو ہر طرح سے عذاب وعتاب کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے تہار جیل میں مقید کشمیری قیدیوں کی وادی منتقلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان قیدیوں کو نہ تو جیل مینول کے تحت غذائیں فراہم کی جاتی ہیں اور نا ہی ان کا علاج ومعالجہ کے لیے انہیں اسپتال لے جایا جاتا ہے، جبکہ ان کو جیل انتظامیہ کی طرف سے مختلف بہانوں کے ذریعے تنگ طلب کیا جاتا ہے جس وجہ سے ان کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا گیا ہے۔