پلوامہ // قصبہ میں کرایہ کے ایک مکان میں عارضی طور پر رہائش پذیر دو مزدور دم گھٹنے سے لقمہ اجل بن گئے جبکہ دو کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے دونوں مزدوروں کے لواحقین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔قصبہ پلوامہ کے ڈلی پورہ محلہ میں سنیچر کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پولیس نے یہاں سے دو افراد کی لاشیں برآمد کیں۔پولیس کے مطابق نثار احمد کالس ولد شاہ علی اور محمد اشرف کالس ولد محمد حلیم ساکنان دھکلرن ابہامہ سمیت دیگر دو مزدور پچھلے چار سال سے قصبہ میں کرایہ کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس کے مطابق انہیں صبح یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ڈلی پورہ میں جہاں یہ مزدور رہایش پذیر تھے چار لاشیں پڑی ہوئی ہیں جس کے بعد ایس ایچ او پلوامہ کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے وہاں جاکر دو لاشیں برآمد کیں جبکہ وہاں سے دیگر دو مزدورجن کی شناخت محمد امین اور ریاض احمد ساکن ابہامہ کے بطور ہوئی ، کو نیم مردہ حالت میں ضلع ہسپتال پہنچایا گیا جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا تھاکہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلاہے کہ دونوں افراد کی موت کو ئلے کی گرم بخاری کے گیس خارج ہونے سے ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کئی برسوں سے اس مکان میں کرایہ پر تھے۔ دونوں کی لاشوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر سرکاری لوازمات کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کردیا اس سلسلے میں کیس سرکاری دفعہ174 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ اس دوران وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کو مالی امداد بطور ایکس گریشا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ لیبر کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ان کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی ان کنبوں کو مزدوروں کی سکیم کے عین مطابق مالی امداد دے گا۔