سرینگر//ریاستی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ2برسوں کے دوران زائد از10ہزار سپیشل پولیس افسران(ایس پی ائوز) کو تعینات کیا گیا ہے،جس میں سرینگر ضلع میں سب سے زیادہ1275 اور سب سے کم ضلع کشتواڑ میں50 کی بھرتی عمل میں لائی گئی۔وزیر اعلیٰ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ مجموعی طور پر10ہزار758ایس پی ائوز کو گزشتہ2برسوں میں تعینات کیا گیا،جن میں جموں خطے سے1457جبکہ کشمیر زون سے8ہزار992شامل ہیں،جبکہ دیگر ونگوں(شعبوں) میں309 سپیشل پولیس افسران شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ جن کے پاس وزارت داخلہ کا بھی قلمدان ہے،نے ایک تحریری سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ضلع سرینگر میں1275ایس پی ائوز جبکہ جبکہ بڈگام میں1084اور گاندربل میں505ایس پی ائوز کو تعینات کیا گیا۔جنوبی کشمیر کے اسلام آباد(اننت ناگ) میں812اور پلوامہ میں695، کولگام میں531اور شوپیاں میں328 کے علاوہ اونتی پورہ میں190ایس پی ائوز کو تعینات کیا گیا۔اعداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تحریر طور پر بتایا کہ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں588،سوپور میں 518،ہندوارہ میں275اور کپوارہ میں1117کے علاوہ بارہمولہ میں895نوجوانوں کوبطور ایس پی ائوز شامل کیا گیا۔ جموں ضلع میں بھی362نوجوانوں کو گزشتہ2برسوں کے دوران ایس پی ائوز تعینات کیا گیا۔سب سے کم ضلع کشتواڑ میں50نوجوانوں کو ایس پی ائوز کے زمرے میں شامل کیا گیا۔ ممبر اسمبلی پہلگام کے سوال کے تحریر جواب میں وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ آرمڈ ونگ میں20،سی آئی ڈی میں100،کرائم برانچ میں20،ریلوئے میں86،سیکورٹی میں5اور ٹریفک میں بھی8نوجوانوں کو ایس پی ائوز تعینات کیا گیا۔