رام بن //ضلع رام بن میںمختلف سرکاری ایجنسیاں بشمول میونسپل کمیٹی رام بن، ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ دریائے چناب کے کناروں پر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔مقامی لوگوں کا مبینہ الزام ہے کہ ہر روز دریائے چناب کے کناروں پر کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔ان لوگوں کی یہ بھی شکایت ہے کہ مقامی لوگوں کی جانب سے کوڑا کرکٹ پھینکنے کے علاوہ کاروباری ادارے، ہوٹلوں ،ڈھابوں ،ذبیع خانوں سے فالتو مواد اور بھاری مقدار میں پلاسٹک کی ردی دریا میں بہتے ہوئے دیکھا جاتا ہے جس سے ماحول پر مُضر اثر پڑتا ہے۔کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے والے بچوں کو دریا کے کناروں پر خالی سیمنٹ کی بوریوں اور ریت کی خالی بوریوں و دیگر ا یٹمز کو کو صاف کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے ۔ رام بن میونسپل کمیٹی کی جانب سے ضبط شدہ بلڈنگ میٹریل وغیرہ بھی دریا کے کناروں پر ذخیرہ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے دریا کے کناروں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کھوا باغ، رگوناتھ مندر، باولی بازار اور کیفٹیریا موڑ محلہ میں تو صورت حال انتہائی خراب ہے۔ ان لوگوں کا مبینہ الزام ہے کہ سرکاری ایجنسیاں لوگوں کو آبی باڈیز صاف و شفاف رکھنے کی اہمیت سے باخبر بنانے میں ناکام رہی ہے ،تاکہ ماحول کا تحفُظ کیا جا سکے۔ ان لوگوں کا یہ بھی مبینہ الزام ہے کہ میونسپل کمیٹی بذات خود بلڈنگ میٹریل دریا کے کناروں پر ذخیرہ کرکے خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔