کنگن// پختون پتی گنہ ون میں پانی کی عدم دستیابی کے خلاف مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے ۔ تحصیل کنگن کے پختون پتی گنہ ون کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیںپینے کے پانی کی شدید قلت ہے جس کے نتیجے میں انہیں ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنا پڑتا ہے ۔ایک مقامی باشندے نثار احمد رینہ نے بتایا کہ ایک وسیع آبادی کی ضروریات کے باوجود آج تک محکمہ پی ایچ ای نے یہاںفلٹریشن پلانٹ تعمیر نہیں کیا بلکہ لوگوں کو ندی نالوں سے پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وسیع آبادی میں گذشتہ تین ہفتوں سے پینے کے پانی کی قلت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر چہ لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو اپنے اس سنگین مسئلہ سے آگاہ کیا تاہم کوئی دھیان نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے لوگ اب مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ پینے کا صاف پانی بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔