رام بن//اسمبلی حلقہ بانہال کے تحصیل پوگل پریستان اکھڑہال کے بی جے پی اور این سی کے کارکنان نے لوہڑی کے موقعہ پر قصبہ اکھڑہال میں نیشنل پنتھرز پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری سیواسنگھ بالی کی موجودگی میںنیشنل پنتھرز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔اکھڑہال کے سینا بھتی و ملحقہ علاقوں کے نئے کارکنوں کاخیر مقدم کرتے ہوئے سیوا سنگھ بالی نے کہا کہ اس سے پارٹی زمینی سطح پر مستحکم ہو گی۔انہوں نے نئے کارکنوں کا پارٹی میں شامل ہونے کو لوگوں خصوصاً سینا بھتی اور اکھڑہال کے لوگوںکے ذہنوں میں تبدیلی سے تعبیر کیا ہے۔اس موقعہ پربالی نے کہا کہ بی جے پی کے سرگرم کارکنوں کا اس وقت جب پارٹی برسر اقتدار میں ہے ، نیشنل پنتھرز پارٹی میں شامل ہونا دور دراز لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ دور دراز علاقہ کے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مخلوط سرکار ناکام رہی ہے جنھوں نے2014 کے اسمبلی انتخابات میں بھاری تعداد میں بی جے پی اور پی ڈی پی کے حق میں ووٹ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار کے رویہ سے مقامی لوگوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔لوہڑی کے سلسلے میں تحصیل پوگل پریستان کے قصبہ اکھڑہال میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں صدیوں سے چلا آرہا آپسی بھائی چارے کی مثال قائم ہے اس کو اور زیادہ مضبوط کر نے کی غرض سے یہ تقریب منعقد کی گئی تھی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بالی نے کہاکہ نیشنل پنتھرز پارٹی کی کارکردگی کودیکھتے ہوئے لوگوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور لوگوں کو یقین ہو گیا ہے نیشنل پنتھرز پارٹی واحد ایسی پارٹی ہے جو لوگوں کے مشکلات کا ازالہ کر سکتی ہے ۔بالی نے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے وقت میں اسمبلی حلقہ بانہال میں تبدیلی ضرور آئے گی کیونکہ یہ تبدیلی لوگ چاہتے ہیں اور لوگوں کو اب پتہ چل گیا ہے کہ نیشنل پنتھرز پارٹی کے علاوہ باقی تمام پارٹیاں صرف اور صرف اپنے مفاد کے لئے ہی کام کررہے ہیں ۔بالی نے اس موقعہ پر لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی توقعات کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کریںگے۔ ا نہوں نے کہا کہ پارٹی دیہی آبادی کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے وعدہ بند ہے۔نیشنل پنتھرز پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں میںکانگریس کے رمیش سنگھ ، زاہداحمد،فیاض احمد،لطیف احمدچودھری ، مدثر ، فاروق احمد ،مگر سنگھ ، سرجن سنگھ اور نائب سرپنچ میر حسین کے علاوہ درجنوں کارکنان جو کہ نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور بھاجپا سے تعلق رکھتے تھے نے نیشنل پنتھرز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔