راولپنڈی //پاکستان کا کہنا ہے کہ اسکے زیر قبضہ کشمیر میں کنٹرول لائن کے جندروٹ اور کوٹلی سیکٹروں میں پیر کے روز بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانی فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے اس وقت ایک بڑا مارٹر گولہ داغا گیا جب فوجی اہلکار مواصلاتی ترسیلی لائن کی بحالی کے کام میں مصروف تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس مارٹر گولے سے پاکستانی فوج کے 4 اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے بھارت کی جانب سے مارٹر حملے کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس میں تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک جبکہ متعدد دیگر کو زخمی کیا گیا۔تاہم بھارت کا کہنا ہے کہ گولہ باری کا آغاز پاکستانی فوجیوں کی طرف سے کیا گیا۔فوج کے ایک ترجمان نے جموں میںکہا کہ پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں پاکستان کی جانب سے پیر کی صبح بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجیوں کی جانب سے ہلکی ہتھیاروں سے فائرنگ کے علاوہ مارٹر گولے بھی داغے گئے۔ تاہم ہمارے فوجیوں نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر جواب دیااورفائرنگ کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کوٹلی سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ کا جواب دیا گیا جس کے دوران ایک میجر سمیت 7پاکستانی فوجی مارے گئے۔اس سے قبل ضلع راجوری کے سندربنی سیکٹر میں اتوار کو پاکستانی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار مارا گیا تھا ۔