جموں//گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کتوں کی دن بدن بڑھتی تعدادکے بیچ ریاستی سرکار نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ سال 2017 میں نومبر تک 20098افراد کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہوئے جن میں سے 6825افراد کا اندراج سرینگر کے صدر ہسپتال میں کرایا گیا ۔قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی خانیار علی محمد ساگر کے سوال کے تحریری جواب میں سرکار نے ا عداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینگر میں 4454،اننت ناگ میں 2492، بڈگام میں 2762،بانڈی پورہ میں 742،بارہمولہ میں 3220،گاندربل میں 1119،کرگل میں 11،کولگام میں 1839،کپوارہ میں 256،لیہہ میں797،پلوامہ میں 1936 اورشوپیاں میں 470 افراد کو کتوں نے کاٹ کھایا۔ سب سے زیادہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات سرینگر میں رونما ہوئے ہیں جو 4454ہے ۔اعدادو شمار کے مطابق سرینگر کے 5060، بانڈی پورہ کے 314، بڈگام کے 409، بارہمولہ کے288 ،کپوارہ کے 116، گاندربل کے 154، پلوامہ کے 205 ،کولگام کے 74، شوپیاں کے 73،اننت ناگ کے 81اور دیگر 61افراد کا اندراج صدر ہسپتال میں ہوا اور وہاں اُن کا علاج ومعالجہ کیا گیا ۔سرکار نے کہا ہے کہ جیتی زیادہ ضایع شدہ غذا ہوگی اتنی ہی کتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں ، گھروں ،شادی سے بچا ہوا کھانا باہر گلی کوچوں میں ڈالنے کی وجہ سے کتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے ۔