سرینگر//فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے ٹیچرس فورم کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے کہا کہ جموں کشمیر کے اساتذہ انکی ذمہ داریوںسے واقف ہیں۔ ٹیچرس فورم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فورم کی ایک میٹنگ عبدالقیوم وانی جو ملازم اتحاد ایجیک(ق) کے چیئرمین بھی ہے، کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس کے دوران تمام اساتذہ لیڈروں نے جنرل بپن راوت کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اعلیٰ فوجی افسر کو اس طرح کا بیان دینا زیب نہیں دیتا۔ وانی نے کہا کہ جموں کشمیر کے نقشے سے متعلق طلاب کو پڑھانا تعلیم کا حصہ ہے،اور یہ کوئی جرم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی مدرسوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے،اور مشکل ترین اوقات میں انہوں نے اپنی ذمہ دارایاں پوری کی ہیں۔محکمہ تعلیم کو ایک حساس محکمہ قرار دیتے ہوئے عبدالقیوم وانی نے کہا کہ طلاب کے مستقبل کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ محکمہ بیرونی تنازعات سے آزاد ہونا چاہے۔ٹیچرس فورم کے سربراہ نے نصاب میں جموں کشمیرکی تاریخ کو شامل کرنیکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی طالب علموں کو اپنی ریاست کی تاریخ کے بارے میں معلومات ہونی چاہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور اس شعبے کو سیاست سے باہر رکھا جانا چاہے،کیونکہ اس کے منفی اثرات سے براہ راست طلاب کا مستقبل دائو پر لگ جائے گا۔