نئی دہلی// مرکزی حکومت نے اس سال سے عازمین حج کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اقلیتی امو ر کے وزیر مختار عباس نقوی نے اخباری کانفرنس میں کہا کہ عازمین حج کو 2018 سے حج سبسڈی نہیں ملے گی۔ حکومت نے یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے 2012 کے فیصلہ کے پیش نظر کیا ہے جس میں حج سبسڈی 2022 تک رفتہ رفتہ ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس سال ملک سے حج پر جانے والے لوگوں کا کوٹہ پانچ ہزار بڑھا دیاگیا ہے اور اب ایک لاکھ پچہتر ہزار عازمین حج مکہ اور مدینہ جائیں گے ۔ ان میں سے ایک لاکھ اکتالیس ہزار حاجی حج کمیٹی کے توسط سے حج پر جائیں گے ۔پچھلی بار کل ایک لاکھ ستر ہزار حاجی حج پر گئے تھے ۔ اس سال 1300 خواتین بھی محرم کے بغیر تنہا حج کی سفر پر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سبسڈی سے بچنے والی رقم مسلم لڑکیوں کی فلاح و بہبود پر خراچ کی جائیں گی اور اسکے لئے ایک میکانزم تیار کر لیا گیا ہے۔