اسلام آباد //پاکستان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے رواں برس اب تک 100 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے اور یہ صورت حال ہمارے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت کے درمیان معاہدے کی تفصیلات دیکھ کر اس حوالے سے جواب دیا جائے گا۔ڈاکٹر محمد فیصل کا بھارت کی جانب سے سیز فائر خلاف ورزیوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ بھارت نے گزشتہ برس 1970 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے 100 سے زیادہ بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی میں ہمارے 4 جوان مارے گئے جب کہ اس سے پہلے ایک خاتون شہید ہوئی تھیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کرتا ہے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔