ترال//سید اعجاز//ترال میں گیارہ ماہ قبل ایک خاتون کی پُراسرار ہلاکت کا معمہ حل کرکے پولیس نے گیارہ ماہ بعد مہلوک خاتون کے شوہر کو گرفتار کر کے قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی اونتی پورہ محمد زاہد نے منگل کی شام ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 16مارچ 2017 کو ترال کے مضافاتی علاقے شاہ پورہ چھانکتار ترال میں ایک23سالہ خاتون شگفتہ اختر زوجہ سجاد احمد لون کی موت واقع ہوئی جس کے بعد خاتون کے والدین اور دیگر قریبی رشتہ داروں نے اسے قدرتی موت کے بجائے قتل قرار دیکر پولیس تھانہ ترال میں ایک ایک کیس درج کرالیا جس کے بعد پولیس نے خاتون کے شوہر کو گرفتارکیا تھا ۔بعد اذاںاُسے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ا نتظامیہ کی ہدایت پر 33روز بعد لاش کو قبر سے نکال کر نمونے فارنسک لیبارٹری کو روانہ کئے گئے جہاں پولیس کے مطابق گیارہ ماہ بعد رپوٹ موصول ہوئی اوریہ ثابت ہوا کہ خاتون کو قتل کیا گیاہے اور خاتون کے سر پر حملہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے مذکوورہ خاتون کے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔