ریاست میں غذائی اجناس کا وافر سٹاک موجود
جموں//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی علاقے میں غذائی اجناس کی کوئی قلت نہیں ہے اور محکموں کے ڈیپوئوں میں کافی مقدار میں غذائی اجناس موجو د ہے۔ان باتوںکا اظہار وزیر موصوف نے کشمیر صوبے کے مختلف اضلاع میں غذائی اجناس کی سپلائی اور سٹاک پوزیشن کاجائزہ لینے کے دوران کیا۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ وادی میں محکمہ کے پاس اس وقت 1.50لاکھ کوئنٹل اضافی غذائی اجناس موجود ہے۔انہوں نے متعلقہ افسروں پر زور دیاکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صارفین تک وقت پر مختص کوٹا کے مطابق غذائی اجناس پہنچیں۔ذوالفقار علی نے اس موقعہ پر ریاست میں این ایف ایس اے اور ایم ایم ایس ایف ای سکیموں کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اہداف حاصل کرنے کے لئے باہمی تال میل پر بھی ضرورت دیا۔ وزیر نے لداخ خطے کے لئے غذائی اجناس کے علاوہ پیٹرولیم اشیاء کی سپلائی و سٹاک پوزیشن کا بھی جائزہ لیا۔
این ٹی پی ایچ سی پہلگام کیلئے
۔3 کروڑ روپے واگزار: بالی بھگت
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ایوان بالا میں صوفی یوسف کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے این ٹی پی ایچ سی پہلگام کو بڑھاوا دینے کے لئے تین کروڑ روپے واگزار کئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ رقومات این ایچ ایم کے تحت فراہم کی گئی تاہم علاقے میں تعمیراتی کام پر پابندی کی وجہ سے یہ پروجیکٹ شروع نہیں کیا جاسکا۔ انہوںنے کہاکہ پی ایچ سی سری گفوارہ کو بڑھاوا دینے کا منصوبہ حکومت کے زیر غور ہے۔
کانگریس ممبران کا ایوان سے واک آئوٹ
کرگل کو نظراندازکرنے کا الزام
اشفاق سعید
جموں //کرگل کو بطور سیاحتی مقام ترقی دینے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب سے مطمئن نہ ہو کر کانگریس نے ایوان سے واک آئوٹ کیا ۔قانون سازاسمبلی میں کانگریس سے وابستہ ممبر اسمبلی کرگل اصغر علیٰ کربلائی نے سرکار سے کرگل کو بطور سیاحتی مقام ترقی دینے کے متعلق ایک سوال پوچھا تھا جس کے جواب میں وزیر مملکت برائے سیاحت پریا سیٹھی نے ایوان کو بتایا کہ کرگل سمیت وادی کے تمام علاقوں میں ایکو اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ تاہم ممبر اسمبلی کرگل نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ کرگل اور زنسکار میں سیاحت کے فروخ کیلئے حکومت کوئی اقدام نہیں کر رہی ہے اور کرگل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ان علاقوں کیلئے کوئی خاطر خواہ منصوبہ بندی ہے ۔حکومت کے جواب سے مطمئن نہ ہو کر ایم ایل اے کرگل اصغر علی نے ممبر اسمبلی نوبراہ ڈیلڈن نمگیال کے ہمراہ ایوان سے واک آئوٹ کیا تاہم بعد میں اُن کا ساتھ دیتے ہوئے کانگریس کے دیگر ممبران بھی ایوان سے باہر چلے گئے۔
بارہمولہ میں بجلی کی عدم دستیابی کیخلاف سیول سوسائٹی کا احتجاج
محکمہ بجلی کے مقامی دفترکومقفل کرنے کی دھمکی
فیاض بخاری
بارہمولہ//قصبہ بارہمولہ او ر اس کے ملحقہ علاقوں میں برقی رو کی عدم دستیابی کیخلاف سیول سوسایٹی اور دیگر لوگوںنے منگل کو مین چوک میں زبردست احتجاج کیا۔مظاہرین نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیاکہ قصبہ بارہمولہ کے کئی علاقے جن میں مین مارکیٹ ، اسٹیڈیم کالونی ،خانپورہ،دیوان باغ ، نورباغ، سنگری کالونی ،خادنیار، اولڈ ٹاون اور ضلع کے دیگر ملحقہ علاقوںمیں پچھلے کئی ہفتوں سے زبردست بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ تنگ آچکے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں اورتاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ا حتجاج کے دوران صارفین نے کچھ بجلی بلیں بھی نذرآتش کرتے ہوئے بتایا’’ ہمیں صرف یہ بلیں بھیجی جاتی ہیں لیکن بجلی کے آنے اورجانے کاکوئی وقت یاشیڈول ہی مقررنہیں ہے ‘‘۔ مظاہرین نے محکمہ بجلی کو2روزکاالٹی میٹم دیتے ہوئے کہاکہ اگربجلی کی سپلائی کوبہترنہیں بنایاگیاتوعلامتی ہڑتال کے ساتھ ساتھ پی ڈی ڈی محکمہ کے مقامی دفترکومقفل کردیاجائے گا۔ ایک مقامی تاجر طاہر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قصبہ میں بجلی سپلائی نہ صرف عام صارفین بلکہ تاجروں کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہرپندرہ منٹ بعدبجلی سپلائی منقطع کردی جاتی ہے۔
کے اے ایس امتحانات
پلوامہ میںچار ماہ کی مفت کوچنگ مرکز کا افتاح
سیدا عجاز
پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ جی ایم ڈار نے منگل کو کے اے ایس امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کیلئے چار ماہ کی مفت کوچنگ مرکز کا افتتاح کیا ۔یہ مرکز ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر میںشروع کیاگیا ہے۔ اس موقع پر ضلع کمشنر پلوامہ نے کہا کہ ضلع سے وابستہ ہونہار اور محنتی طلباء کی صلاحیتوں کونکھارنے کی غرض سے یہ اقدام کیا جارہا ہے تاکہ انہیں صحیح رہنمائی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ایسے بہت سارے طلباء موجود ہیں جو بنیادی وسائل سے محروم ہیں جس سے ان کی پڑھائی کافی حد تک متاثر رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس پروگرام کی کامیابی کی خاطر ہر ممکن مدد فراہم کریںگے۔اس موقعے پر کورس کارڈی نیٹر ضلع اطلاعاتی آفیسر پلوامہ ڈاکٹر زبیر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ عبد الرقیب بٹ کے علاوہ سینکڑوں طلاب موجود تھے ۔
دسویں میں کامیابی پیلٹ متاثر نوجوان کو تحریک حریت کی مبارکباد
سرینگر//تحریک حریت نے مارچ 2017 میں پیلٹ فائرنگ سے ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہوئے طالب علم فرزان نذیر ساکن نواب بازار کو دسویں امتحان پاس کرنے پر مبارکبادی دی ہے ۔اس سلسلے میں محمد رفیق اویسی، عمر عادل ڈار، رمیز راجہ، اشفاق احمد اور جاسف نذیر نے فرزان اور اس کے والدین کومبارکباد دی۔
۔100بستروں والا ضلع ہسپتال بانڈی پورہ
رواں سال کے آخر تک مکمل ہونے کی امید
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ سجاد حسین نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بانڈی پورہ کے دفتر کے دورے کے دوران دئے گئے احکامات پر عمل در آمد کاجائزہ لیا۔انہوں نے اُن 29کاموںکی پیش رفت کاجائزہ لیا جن کے لئے الگ سے 40کروڑ60ہزار روپے مختص رکھے گئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 28کروڑ25لاکھ روپے کی لاگت سے100بستروں والا ضلع ہسپتال رواں سال کے آخر تک مکمل کئے جانے کی امید ہے جب کہ کیمونٹی ہیلتھ سینٹر حاجن پر بھی کام جاری ہے۔کمشنر موصوف نے تمام کاموں کی بروقت تکمیل کے احکامات دئیے۔میٹنگ میں کئی متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔
قاضی گنڈ میں 3ترکھان مکان کی چھت سے گر کر زخمی
ڈورو//کھارگنڈ قاضی گنڈ میں ایک مکان کی مرمت میں مصروف 3ترکھان اُس وقت زخمی ہوئے جب وہ اچانک نیچے گرگئے ۔محمد شفیع بٹ ،امتیاز احمد بٹ اور عاشق حسین ساکنان چورٹ قاضی گنڈ نامی ترکھان کھار گنڈ میں ایک مکان کا چھت تعمیر کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک لکڑی کاایک حصہ ٹوٹ گیا اور تینوں کاریگر نیچے زمین پر گر زخمی ہوئے ۔ اُنہیں علاج معالجہ کے لئے ہڈیوں و جوڑوں کے اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔
مزاحمتی کارکن کی رہائی پر اظہار اطمینان
سرینگر//محاذآزادی نے ضلع صدر منظور احمد بٹ کی رہائی پراطمینان کا اظہار کیا۔ایک بیان کے مطابق محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میرنے شبیر احمد بابا اور محمد یوسف کے ہمراہ اُن کے گھر جاکر دیگر مزاحمتی قائدین وکارکنان کی رہائی کامطالبہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے۔
فریڈم لیگ کاقیدیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ نے جیلوں میں مقید کشمیری سیاسی نظر بندوں کے جذبہ استقامت کے تئیں اُنہیںخراج تحسین پیش کیا ہے۔ایک بیان میں لیگ ترجمان نے قیدیوں کی حالت کو ناگفتہ بہ قرار دیتے ہوئے جیل حکام کے سلوک کی مذمت کی۔انہوںنے کہا کہ بھارت کی مختلف جیلوں میں مقید سینکڑوں کشمیری قیدیوں کی مدت اسیری میں طول دینے کے مختلف حربے بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عدالتوں سے ان کی رہائی کے احکامات جاری ہونے کے باوجود انہیںرہا نہیں کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے سبھی قیدیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔
سالویشن مومنٹ کا سابق حزب کمانڈر کو خراج عقیدت
سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سابق حزب آپریشنل چیف ریاض رسول کی برسی پر انہیںخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی۔انہوں نے مول چتراگام کے نہتے شہری محمد ایوب بٹ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔مذکورہ شہری بٹہ مورن شوپیاںمعرکہ کے دوران فورسز کی گولیا ں لگنے سے زخمی ہوا تھا ۔اس دوران عدنان سلفی، مفتی مدثر،اسحاق احمداورسجاد احمد نے محمد ایوب کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔