جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آر ایس پورہ ، سچیت گڈھ اور ارنیہ سیکٹروں میں سرحد پار کی شلنگ سے تین افراد کی ہلاکت پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ ریاست کے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو سرحد پار کی گولہ باری کا خمیازہ اُٹھانا پڑتا ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ شلنگ کے آج کے واقعات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان منافرت سے ریاست کے لوگ منفی طور متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے سرحدوں پر ناخوشگوار صورتحال کا خاتمہ کرنے کی اپیل کی۔دریں اثنا محبوبہ مفتی نے جموں صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ شلنگ میں زخمی ہوئے افراد کو بہتر طبی سہولیات بہم کریں۔اُنہوں نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ متاثرہ لوگوں کے لئے محفوظ مقامات پر کیمپوں کا انعقاد کریں اور انہیں ہر طرح کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔