جموں //ریاستی سرکار نے بتایا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے 5اضلاع گولہ باری سے متاثر ہوئے ہیں اور سرکار پچھلے تین دنوں سے جاری گولہ باری کی زد میں آکر ابھی تک 5افراد ہلاک اور29زخمی ہوئے ہیں جبکہ 188افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ سرکار کے مطابق گولہ باری سے 129مویشی ہلاک جبکہ 93زخمی ہوئے ۔پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان کو بتایا کہ جموں وکشمیر کے 5اضلاع سرحدی گولہ باری کی زد میں آئے ہیں جبکہ انتظامیہ مزید جانی ومالی نقصان کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدام کر رہی ہے ۔ ویری نے ایوان کو بتایا کہ جموں ،سانبہ ، کٹھوعہ ، پونچھ اور راجوری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں پچھلے دو روز سے پاکستان کی جانب سے اچانک گولہ باری شروع ہوئی ہے۔ ویری نے کہا کہ ان اضلاع کے ضلع انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ کنبوں کو امداد فراہم اور مزید نقصان سے بچانے کیلئے کاروائی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ کنبوں کو این ڈی آر ایف کے تحت معا ضہ فراہم کریں ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار اس حوالے سے نگرانی کر رہی ہے اور متاثرہ کنبوں کو ہر ضروری امداد فراہم کرنے کیلئے بھی اقدام کئے جا رہے ہیں ۔وزیر نے کہا کہ ریاستی سرکار نے مرکزی وزیر داخلہ کو سرحدں پر رہائشی مکانات ،فصلوں اور مال مویشوں کے نقصان پر این ڈی آر ایف کے تحت معاوضہ فراہم کرنے کیلئے کہا ہے ۔وزیری نے کہا کہ 50لاکھ روپے چیف منسٹر ریلیف فنڈس میں سے فراہم کئے گئے ہیں جو کہ زخمی افراد مال مویشوں کے علاج ومعالجہ اور ادویات پر خرچ کئے جائیں جبکہ اس سلسلے میں ہر ایک اضلاع میں ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔
گولہ باری کی مکمل تفصیلات
ویری نے ایوان کو بتایا کہ 17جنوری 2018کو پاکستانی رینجر نے آرایس پورہ سیکٹر میں 2230گھنٹے تک سرحدوں پر گولہ باری کی جس کی زد میں آکر بی ایس ایف کا ایک اہلکار سوریش کمار ساکن تمل ناڑو موقعہ پر ہی ہلاک ہوا جبکہ اُروسہ کے دوب راج مرمار نامی کانسٹیبل زخمی ہوا ۔وزیر نے کہا کہ 17جنوری کو ہی پاکستانی رینجرس نے ارنیہ سیکٹر جموںمیں2355گھنٹوں تک فائرنگ کی جس کی زر میں آکر 19سالہ نیلم کماری عرف سیوٹی نامی لڑکی ہلاک جبکہ دیگر تین جن میں رومیش لالا اُن کی اہلیہ چنچل دیوی ،اور درشن لال ساکن ارنیہ زخمی ہوئے ۔وزیر نے کہا کہ 18جنوری کو اسی سیکٹر میں دونوں اطراف سے گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا اور 2عام شہری سہیل کمار اور بیکنو دیوی موقعہ پر ہلاک جبکہ 16افراد زخمی ہوئے ۔ویری نے کہا کہ سرکار نے ہلاک ہونے والوں کے حق میں 1لاکھ اور زخمی ہونے والے افراد کے حق میں 50ہزار کا معاوضہ منظور کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں بند ہیں اور700لوگوں کو دوسرے مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے ۔وزیر نے مزید بتایا کہ گولہ باری سے 129مال مویشی ہلاک اور 93زخمی ہوئے ہیں ۔وزیر نے مزید بتایا کہ 19جنوری کو پاکستانی رینجر نے آریس پورہ اور ارنیہ سیکٹر میںگولہ باری کی جبکہ 19اور20جنوری کی درمیانی رات کو بھی کھور اور دیگر سیکٹر وںمیںبھاری گولہ باری کی گئی جس کے سبب ایک فوجی لانس نائک ایشام ابراہیم ہلاک اور 2بی ایس ایف جوان حوالدار نریش کمار اور اشونی کمار زخمی ہوئے ۔وزیر نے بتایا کہ 19/20جنوری کی درمیانی رات کو پاکستانی رینجرس نے کنا چک سیکٹر میں 1900گھنٹوں تک گولہ باری کی جو ابھی تک جاری تھی جس کی زد میں آکر ایک ایس ایس بی کانسٹیبل لالو رام یادو اور ایک عام شہری بیلو زخمی ہوئے۔وزیر نے بتایا کہ 19اور 20جنوری کی درمیانی رات کو پاکستانی رینجر نے اکھنور سیکٹر میں1910گھنٹوں تک گولہ باری کی جو شام دیر گئے تک آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔پاکستانی فورسز نے مکوال فاروڈ اور ستواری سیکٹر میں بی ایس ایف 127/89بٹالیں کے علاقے میں شدید گولہ باری کی۔
سانبہ
وزیر نے کہا کہ18جنوری 2018کو سانبہ سیکٹر میں 1030گھنٹوں تک گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کی زد میں آکر دو افراد سریش کمارپونیت چودھری زخمی ہوئے جبکہ 19جنوری کو پاکستانی رینجرنے رام گھڑ سیکٹر میں 0700گھنٹوں تک گولہ باری کی جس کی وجہ سے ایک بی ایس ایف اور 2عام شہری راکیش راج اور رنجیت سنگھ زخمی ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زخمی ہوئے افراد کو 50ہزار کا معاوضہ فراہم کیا گیا ہے جبکہ 211افراد کو رام گھڑ سے محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔
کٹھوعہ
وزیر نے بتایا کہ 19جنوری 2018 کوکٹھوعہ ضلع کے کو چدوال اور ہیرہ نگر سیکٹروں میں پاکستانی رینجرس نے گولہ باری کی جس کی وجہ سے 19لوگ زخمی ہوئے جنہیں سب ضلع ہسپتال کٹھوعہ علاج ومعالجہ کیلئے منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وہاں سکول بند ہیں جبکہ 160افراد کو پنساری ، منیاری اور ہیرہ نگر منتقل کیا گیا ہے ۔
راجوری
وزیر نے راجوری اضلع کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ 19جنوری2018کو پاکستانی رینجر نے سرحد پرفائرنگ کی جو قریب 1840گھنٹوں تک جاری رہی فائرنگ کی وجہ سے کوئی بھی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
پونچھ
وزیر نے کہا کہ 19جنوری کو بالاکوٹ سیکٹر میں پاکستانی رینجر نے گولہ باری کی جس کی وجہ سے 1شہری محمد صدام زخمی ہوا ۔ 19جنوری کو پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں شدید گولہ باری ہوئی۔فائرنگ کی وجہ سے فضل حسین نامی شہری کا سوکھا ہوا گھاس جل کر تباہ ہو گیا ۔