نئی دہلی // عام آدمی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ منفعت بخش عہدہ کے معاملہ میں پھنسے پارٹی کے 20 ممبران اسمبلی کی رکنیت آخر کار رد کردی گئی ہے۔ اس معاملہ میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے چیف الیکشن کمشنر کی سفارش کو منظوری دیدی ہے۔ غور طلب ہے کہ جمعہ کو الیکشن کمیشن نے صدر جمہوریہ سے عام آدمی پارٹی کے 20 ممبران اسمبلی کو نا اہل قرار دینے کی سفارش کی تھی۔ الیکشن کمیشن کا ماننا تھا کہ 20 ممبران اسمبلی منفعت بخش عہدہ کے دائرے میں آتے ہیں۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف دہلی ہائی کورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا تھا ، لیکن اسے وہاں سے بھی جھٹکا لگا تھا۔ ہائی کورٹ نے کوئی راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ الیکشن کمیشن سے نوٹس ملنے کے باوجود ممبران اسمبلی پیش کیوں نہیں ہوئے تھے۔خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی حکومت نے اپنے 21 ممبران اسمبلی کو پارلیمانی سکریٹری بنایا تھا۔ ممبر اسمبلی رہتے ہوئے وہ اس عہدہ پر نہیں رہ سکتے تھے ، کیونکہ یہ منفعت بخش عہدہ مانا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے الیکشن کمیشن نے رکنیت چھیننے کی سفارش کی ہے۔ تاہم ممبر اسمبلی جرنیل سنگھ نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے کیلئے پہلے ہی دہلی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیدیا تھا۔