جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ حکومت کی لگاتار کوششوں کی بدولت جموں صوبے کو ایک بڑے سیاحتی مرکز کے طور رپ ترقی دی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ضروری حکمت عملی کو پیش نظر رکھ کر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ اکھنور میں مٹھوار فیسٹول کا افتتاح کرنے کے موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وائس چیئرمین کسان ویلفیئر بورڈ بی ایس چب، سماجی کارکن ممتاسنگھ، علاقے کے معزز شہری اور مختلف محکموں کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اکھنور علاقے کوبرصغیر میں انتہائی تاریخی اور تمدنی اہمیت حاصل ہے اور حکومت نے اس علاقے کی ترقی اور لوگوں کی بہبودی کے سلسلے میں خاطرخواہ اقدامات کئے ہیں۔مٹھوار فیسٹول کے انعقاد کا ذکرکرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ایسے تہواروں کی بدولت سماج کے مختلف طبقوں کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آکر آپسی بھائی چارہ ، یگانگت اور رواداری کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔