جموں//حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ریاست بھر میں خنزیری بخار(سوائن فلو)سے 32افراد کی اموات ہوئی ہیں۔ان میںسے 28 کا تعلق صوبہ کشمیر اور 4کا تعلق جموں صوبہ سے ہے۔کشمیر صوبہ میں اس سے مرنے والے سب سے زیادہ افراد کا تعلق ضلع گاندربل سے ہے۔ ایم ایل سی قیصر جمشید لون کے ایک سوال کے تحریر جواب میں وزیر صحت بالی بھگت نے کہا ہے کہ کشمیر وادی کے بڈگام علاقے سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کی موت خنزری وائرس سے ہوئی جبکہ ، سرینگر ضلع سے 6، اننت ناگ سے 3، گاندربل سے 7،بارہمولہ سے 2،کولگا م سے3، پلوامہ کے اونتی پورہ سے 1شہری کا تعلق تھا ۔ وزیر نے تحریری طور بتایا کہ صوبہ جموں میں چار افراد سوائن فلو کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ ان افراد کا تعلق جموں، را م بن، راجوری اور مہور ریاسی سے تھا ۔انہوں نے بتایاکہ صوبہ کشمیر میں سوائن فلو سے متاثرہ کل درج مریضوں کی تعداد137ہے جس میں سے 2اس وقت زیر علاج ہیںجبکہ 28کی اموات ہوگئیں ہیں۔وزیر نے مزید بتایا کہ 107 افرادکو مناسب علاج ومعالجہ کے بعد اسپتال سے رخصت کردیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جمو ں اور سرینگر میں سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کے لئے علیحدہ وارڈ قائم کئے گئے ہیں، جہاں پر آکسیجن، ہوا سپلائی اور وینٹی لیٹر کی سہولت ہے اوران مریضوں کی دیکھ بال کے لئے علیحدہ سے چوبیس گھنٹے سٹاف مہیا کروایاجارہا ہے۔ N1N1ٹسٹنگ لیبارٹری کو سی ڈی اسپتال سرینگر اور جی ایم سی میں فعال بنایا گیا ہے۔