رام بن//گذشتہ روز کٹھوعہ میں ایک کمسن کی زیادتی اور قتل کے خلاف منگل کے روز بھی رام بن میں احتجاجی مظاہرے جاری رہے۔ اس سلسلہ میں منگل کے روز ایک جامع احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا ۔مظاہرین ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے دفتر کے باہر دھرنا پر بیٹھے اور کٹھوعہ پولیس کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔مظاہرین گذشتہ روز کٹھوعہ میں گوجر و بکروال طبقہ کے جلوس پر ہوئے لاٹھی چارج کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔مظاہرین نے وزیر اعلیٰ کے نام ایک تحریری یاد داشت بھی پیش کی جس میں اس واقعہ کی تحقیقات کرائم برانچ کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مظاہرین کا یہ بھی مبینہ الزام ہے کہ کٹھوعہ پولیس ملزموں کو بچا رہی ہے اور اس سلسلہ میں ایس ایچ او کو معطل کرنا محض ایک دھوکہ ہے۔مظاہرین کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ جب تک اس کیس کی تحقیقات مکمل ہوتی ہے تب تک ضلع پولیس سر بر اہ کو بھی معطل کیا جائے ،تاکہ تحقیقات صاف و شفاف طریقہ سے مکمل ہو۔ایک سماجی کارکن طالب حُسین کی گرفتاری پر بھی سوال کھڑے کئے گئے ہیں۔