نئی دہلی//دہلی میں پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے اہم ذریعہ جمنا ندی کو صاف کرنے کے لئے رضاکار تنظیموں کی مدد لینے کی وکالت کی گئی ہے ۔وزیرآباد سے اوکھلا بیراج کے 22کلومیٹر کے حصہ میں گندے نالے کے طورپر تبدیل ہوچکی جمنا ندی کی صفائی پر ہزاروں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے انتخابی منشور میں اسے لندن کی 'ٹیم 'ندی بنانے کا عزم ظاہرکیا تھا لیکن حکومت میں آنے کے تین سال بعد بھی اس سمت میں کوئی پختہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔اندرپرستھ چاندنی چوک براہمن سبھا کے ترجمان وجے شرما نے کہا کہ ہتھنی کنڈ سے اوکھلا بیراج تک جمنا ندی کی ابتر حالت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔جمنا کی صفائی کے نام پر اربوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں لیکن دہلی میں پانی کی ضرورتوں کے اہم ذریعہ کی حالت میں کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔مسٹر شرما نے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل سے مطالبہ کیا ہے کہ ندی کی صاف صفائی کے لئے ہتھنی کنڈ سے اوکھلا بیراج تک ندی کے دونوں طرف متوازی بڑے نالے تعمیر کئے جانے چاہئے ۔ان نالوں میں شہر کی گندگی ڈالی جائے ۔اوکھلا بیراج پر پانی کی ری سائیکلنگ کرنے کے لئے صفائی کے بڑے پلانٹ لگائے جانے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ یا ماضی میں رہی حکومتوں نے جمنا کی صفائی کیلئے صرف بڑے بڑے وعدے کئے اور ہزاروں روپے خرچ کرنے کے باوجود ندی کی حالت مسلسل ابتر ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمنا ندی کی صفائی کے لئے رضاکار تنظیموں کی مدد لی جانی چاہئے ۔مسٹر شرما نے کہا کہ سبھی اس میں تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔یواین آئی۔