لکھنؤ//پدماوت فلم کے ریلیز ہونے سے پہلے ہی اس کے خلاف شروع ہوئے احتجاج کی وجہ سے ریاستی حکومت سنیما گھروں کی سکیورٹی کے وسیع انتظامات کررہی ہے ۔فلم کی مخالفت کرنے والی تنظیموں نے سنیما گھروں کے مالکان سے اسے اپنے تھیئڑوں میں نہ لگانے کی اپیل بھی کی ہے ۔فلم 25جنوری کو ریلیز ہونی ہے ۔ریلیز ہونے سے پہلے ہی کرنی سینا اور کچھ دیگر تنظیموں نے اس کی مخالفت شروع کردی ہے ۔ہاپڑ کے پلکھوا سنیما حال کے باہر نعرے بازی کی گئی۔لکھنؤ کے جی پی او پارک میں واقع گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے ایک تنظیم نے فلم کے خلاف دھرنا دیا ہے ۔آگرہ سے بھی پدماوت کے احتجاجی مظاہرے کی اطلاع ہے ۔کرنی سینا کے رکن راجیندر سنگھ نے کہا کہ لکھنؤ کے سنیما گھروں کے مالکان سے اس فلم کو نہ دکھانے کی اپیل کی گئی ہے ۔اس کے باوجود فلم لگی تو عدم تشدد اور جمہوری طریقے سے اس کی مخالفت کی جائے گی۔فلم کو ریلیز کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد راجستھان اور مدھیہ پردیش حکومت نے نظر ثانی پٹیشن داخل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اس سے پہلے ان دونوں ریاستوں کے ساتھ ہی ہریانہ اور گجرات حکومتوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم کی ریلیز پر پابندی لگائی تھی۔
ہندو سینا پدماوت کی مخالفت کرے گی
نئی دہلی//ہندو سینا نے فلم پدماوت کے خلاف دہلی میں زبردست مظاہرہ کرنے اور شمالی ہند میں اسے ریلیز نہیں ہونے دینے کا عزم کیاہے۔سینا کے اہلکاروں کی آج میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ہندو سینا کی یہاں جاری ایک بیان کے مطابق تنظیم کے سربراہ وشنو گپتا نے کہا کہ اس فلم کے ذریعہ سے ہندووں کی تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ مودی حکومت اس فلم کے تئیں سنجیدہ نہیں دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں فلم کی نمائش کو روکنے کے لئے سینا کی دس ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو سنیما ہالوں پر نگاہ رکھ رہی ہیں۔ سینا نے اس سلسلے میں پولیس اور سنیما ہال مالکوں کو خط بھیجا ہے۔یو این آئی