جموں //ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد گریزی نے ایوان زیرین کی کارروائی اُس وقت 10منٹوں کیلئے ملتوی کر دی جب ایوان میں کورم کی کمی پائی گئی۔ ڈپٹی سپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر قانون سے کہا کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور ایوان کو سنجیدگی سے لیا جائے ۔اسمبلی میں 11بجکر 15منٹ پر جب کانگریس کے ممبراسمبلی بانہال وقار رسول محکمہ صنعت وحرفت پر جاری بحث پر بول رہے تھے، تو ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد گریزی نے ممبران کی تعددا پر نظر ڈالتے ہوئے پایاکہ اسمبلی میں ضرورت سے کم ممبران بیٹھے ہیں جس پر انہوں نے ایوان کی کارروائی دس منٹ کیلئے یعنی 11:15سے11:25تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔پھر دوبارہ ایوان کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی تو ڈپٹی اسپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر سے کہاکہ وہ اس کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ایوان کو سنجیدگی سے لیاجائے کیونکہ ممبران ایوان کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔