سرینگر//نیشنل کانفرنس نے شوپیان میں نوجوان کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون بہانا اب روز کا معمول بن گیا ہے اور آئے روز ہلاکتیں موجودہ حکومت کی سب سے بڑی حصولیابی بن کر سامنے آئی ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے ایک بیان میںشاکر احمد میرکے سوگوار کنبے بالخصوص اُن کے والدین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت نہتے شہریوں کی ہلاکتوں اور ظلم و تشدد پر روک لگانے میں ناکام ہوگئی ہے اور لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پی ڈی پی نے کشمیریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ پارٹی کے لیڈران شیخ محمد رفیع، شوکت حسین گنائی اور ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے نے بھی اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ گذشتہ 3سال سے ہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیریوں کا خون سستا ہوتا جارہاہے۔