مینڈھر //حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے مابین بدستور کشیدگی پائی جارہی ہے اور سنیچر کو مینڈھر کے منکوٹ سیکٹر میں شدید فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جبکہ ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے روز نوشہرہ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کی وجہ سے ایک شہری زخمی ہوا۔ذرائع نے بتایاکہ مینڈھر کے منکوٹ سیکٹر میں سنیچر کی شام پانچ بجے سے لیکر ساڑھے چھ بجے تک شدید فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جس سے اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیںہواالبتہ مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ۔ قبل ازیں گزشتہ روز ہندوستان کے یوم جمہوریہ پر نوشہرہ سیکٹر میں پاکستانی فوج نے شدید فائرنگ اور گولہ باری کی جس کی زد میں ایک شہری زخمی ہواجبکہ اس کا مکان تباہ ہوگیا۔ذرائع نے بتایاکہ 26جنوری کے موقعہ پر پاکستانی فوج نے جھنگڑ ، مکڑی ، سیر ، سریا ، کڈالی علاقوں میں قائم بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔اس دوران مکڑی گائوں کے رہنے والے 61سالہ تولا رام ولد وید پرکاش زخمی ہوگئے جنہیں نوشہرہ ہسپتال میں زیرعلاج رکھاگیاہے ۔فائرنگ اور گولہ باری سے ان کا مکان بھی تباہ ہواہے ۔اس کے علاوہ کئی لوگوںکے مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے 26جنوری کی رات 55سے زائد لوگ ہجرت کرکے ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ۔