نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پارٹیوں سے آج سے شروع ہو رہے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں تین طلاق بل منظور کرنے اور عام لوگوں، دلتوں، محروم طبقات کے مفاد میں بجٹ تیار کرنے میں تعاون دینے کی اپیل کی۔ سی این ایس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ ہاؤس کیکیمپس میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ گزشتہ سیشن میں حکومت کی کوشش اور ملک کو توقع تھی کہ تین طلاق پر سیاست نہیں ہوگی اور مسلم خواتین کو ان کا حق ملے گا۔ لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود حکومت تین طلاق بل منظور نہیں کروا سکی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے لئے تمام سیاسی ج پارٹیوں سے توقع ہے کہ وہ تین طلاق بل منظور کرانے میں تعاون کریں گے اور مسلم خواتین کو نئے سال کا تحفہ دیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ سیشن انتہائی اہم ہے یہ بجٹ ملک کو نئی توانائی دینے والا اور معمول سے عام لوگوں کی توقعات کو پورا کرنے والا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش ہونے کے بعد یہ مختلف کمیٹیوں کے پاس جاتا ہے اور تقریبا ایک ماہ تک کمیٹیاں اس پر غور کرتی ہیں۔ان کمیٹیوں میں برسراقتدار اور اپوزیشن دونوں کے لوگ ہوتیہیں اور وہ سیاست سے اوپر اٹھ کر ملک کے لئے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیشن کے دوران کمیٹیوں کے وقت کا بھرپور استعمال ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی کہ عام لوگوں دلتوں،محروم طبقات، مظلوم، غریب، کسانوں اور مزدوروں کو اس کا بھرپور فائدہ کس طرح سے ملے اس سمت میں سیشن کے دوران کام کریں اور ایک روڈ میپ بناکر آگے بڑھیں۔۔پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا پہلا مرحلہ29 جنوری سے شروع ہوکر 9 فروری تک چلے گا۔ پہلے دن صدر دونوں ایوانوں سے مشترکہ خطاب کریں گے۔ اپنے پہلے خطاب میں وہ حکومت کی ترقی اور اقتصادی پروگراموں کا خاکہ پیش کریں گے۔ اسی دن اقتصادی سروے کے ذریعے ملک کی معیشت کا حساب کتاب پیش کیا جائے گا۔بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ چھٹی کے بعد 05 مارچ سے06 اپریل تک ہوگا۔عام بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا جو مودی حکومت کا پانچواں بجٹ ہوگا۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات اور اس سے پہلے آٹھ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بجٹ میں مقبول اعلانات کئے جا سکتے ہیں لیکن اقتصادی اصلاحات پر حکومت کے زور کو دیکھتے ہوئے کچھ سخت قدم بھی اٹھائے جا سکتے ہیں۔ ملک میں ایک ٹیکس نظام گڈز اینڈ سروس ٹیکس نافذ ہونے کے بعد پہلی بار بجٹ پیش کیا جا رہا ہے اور اس کا اثر بھی بجٹ پر دکھائی دے گا۔