سرینگر+بارہمولہ//بارہمولہ کے دلنہ علاقے کو فوج اور ایس او جی نے محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اور گھر گھر تلاشی لی ۔ ذرائع نے کے مطابق فوج کو ایک اطلاع تھی کہ اس علاقے میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیںجس کے بعد 52آر آر اور سپیشل آپریشن گروپ نے دلنہ کے راتھر محلہ کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران مکینوں کے شناختی کارڈ بھی باریک بینی سے چیک کئے گئے ہیں۔ تاہم کئی گھنٹوں کی تلاشی کاروائی کے بعد فوج کو وہاں سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔ادھرسخت سردی کے دوران سانبورہ پانپور میں فورسزنے جنگجو مخالف آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی تا ہم اس علاقے میں کہیں پر بھی فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا نہیں ہو البتہ ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔فوج اور سیکورٹی فورسز نے سوموار اور منگل کی درمیانی شب سانبورہ علاقہ میں تلاشی کاروائی شروع کی ۔ رات دوبجے تک علاقہ کا محاصرہ جاری تھا ۔عینی شاہدین کے مطابق فوج نے قبل از تلاشی گائوں کی تمام داخلی وخارجی راستوں پر خار دار تار بچھاکر انہیں مکمل طور سیل کردیا۔بتایا جاتا ہے کہ جب رات دیر گئے یہاں فوج کو کچھ ہاتھ نہ لگا تو انہوں نے رات دیر گئے یہاں کا محاصرہ ختم کرلیاتاہم فورسز نے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیاہے۔(مشمولات سی این ایس)