سرینگر// لبریشن فرنٹ، سالویشن مومنٹ، حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام اور پیپلز لیگ نے معروف عالم دین اوربزرگ سماجی شخصیت آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔فرنٹ چیئرمین جو کچھ روز سے علیل ہیں ،نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اور انکے خانوادے کی دینی، سماجی اورعلمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے میں منہمک رہتے تھے۔یاسین ملک نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔اس دوران اشرف بن سلام کی قیادت میں فرنٹ کے ایک وفد نے مرحوم کے گھرجاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ وفد میںپیر عبدالرشید اور مولوی محمد رمضان بھی شامل تھے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے مرحوم کووسیع النظر عالم دین، مبلغ، دانشور، علمی شخصیت اورملت اسلامیہ کا بہی خواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت اہل ریاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انجمن حمایت الاسلام سے وابستہ علماء بالخصوص مولانا شوکت حسین کینگ ، مولانا خورشید احمد قانونگو اور مولانا عبدالحق اویسی نے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ آغا سید فضل اللہ اُس خاندان سے وابستہ تھے جنہوں نے مسلکی معاملات سے بالاتر ہوکر اہل کشمیر کے سیاسی ، تحریکی اور اسلام کے بنیادی عقائد و اصول پر مسلمانان کشمیر کو اتحاد کی تعلیم دی۔ مرحوم نے ہمیشہ مثبت سیاست و یکروئی نظریہ کیلئے کام کیا جس طرح ان کے والد آغا سید محمد یوسف نے یہاں کے قدآور سیاسی شخصیات سے وابستہ ہوکر ان ہی خطوط پر کام کیا۔ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام نے آغا سید محمد فضل اللہ کی وفات کوپوری ملت کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔بیان کے مطابق حوزہ علمیہ اس صدمے پر تمام ملت اسلامیہ، خاندان موسوی مرحوم کے فرزندان، برادران اور جملہ اقرباء بالخصوص فرزند آغا سید محمد ہادی و مدیر اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم آغا سید حسن کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کیا ہے۔ مرحوم حوزہ علمیہ نجف جانے سے پہلے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کے طالب علم تھے۔ پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی ، تبلیغی اور علمی خدمات کیلئے انہیں خراج عقیدت ادا کیا۔