سرینگر//حریت (گ)،جماعت اسلامی ،فریڈم پارٹی ،مسلم لیگ ، پیروان ولایت اور ووئس آف وکٹمز نے شوپیان میں چند روز قبل فورسز کی فائرنگ کے دوران زخمی ہوئے نوجوان رئیس احمد گنائی ساکن نارپورہ کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ نوجوان بدھ کو سکمز میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے شوپیان کے ایک اور نوجوان رئیس احمد گنائی کے جاں بحق ہونے پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔ رئیس احمد گنائی کے جلوس جنازہ سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں حریت چیئرمین نے کہا ’’ جو لوگ ظلم کے خلاف جدوجہد کرکے اپنے مال، عزت وآبرو بچانے کیلئے جان دیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وہ سب شہید ہیں اور شہید زندہ ہیں انہیں مردہ نہیں کہا جاسکتا‘‘۔حریت بیان کے مطابق حریت رہنما نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے حدود میں آج تک یہاں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا گیا، وہ بھارت جس نے اپنی جنگ آزادی میں برطانوی سامراج کے ہاتھوں صرف ایک جلیاں والا باغ کا مشاہدہ کیا ،اس کی فوج نے یہاں ہر روز کسی نہ کسی مقام پر جلیاں والا باغ کی خونین تاریخ دہرانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا ۔ گیلانی نے ان ہلاکت خیز خونین کارروائیوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی عالمی طاقتوں اور انسان دوست ممالک کو ریاست جموں کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں معصوم عوام کو قتل کئے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے جہاں بھارت کے مسلح افواج نہتے عوام کے خلاف برسرِ جنگ ہوچکی ہے۔ حریت چیئرمین نے اس امر پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز سیاسی جماعتیں یہاں کے عوام پرمظالم کے لیے بھارت کی کلہاڑی کے دستے کی حیثیت سے اُن کی مدد کررہی ہیں ۔ جماعت اسلامی رئیس احمد کی ہلاکت پت رنگ و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کشمیر میں افسپا جیسے قوانین کی آڑ میں اپنے عزائم کے تکمیلی منصوبے پر گامزن ہے اور آئے روز ان انسان کش قوانین پر اُٹھنے والی آوازوں پر کوئی کان نہیں دھرتے بلکہ کشمیریوں کی بے دریغ نسل کشی کے ایجنڈے پربڑی ڈھٹائی کے ساتھ کاربند ہیں۔پارٹی ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کب تک بھارت کے اس منصوبے کا شکار ہوتے رہیں گے یہ وقت ہی فیصلہ کرے گا! المیہ یہ ہے کہ اقوام عالم بھی بھارت کی اس پالیسی اور انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں پر کوئی لب کشائی کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر روا رکھے گئے ظلم و جبر کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور دہلی دربار کے اُن تمام ہتھکنڈوں کی مذمت کرتی ہے جن کے ذریعے کشمیریوں کے مال و جان کودائو پر لگایا گیا ہے اور کشمیریوں کی زندگیوں کو مصیبتوں کی گہرائیوں میں تبدیل کرکے رکھ دیا گیا ہے۔بیان کے مطابق جماعت اسلامی دنیا میں رہ رہے لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ کشمیر یوں پربھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف دنیا کے ہر ایک کونے میں مؤثر آواز بلند کریں اور کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کاساتھ دیں۔فریڈم پارٹی نے جواں سال رئیس احمد کے جاں بحق ہونے پر اُن کے والدین و قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوںپہلے شاکر احمد اور بعد میں جاوید احمد ، سہیل احمدلون اور اب رئیس احمد کے رحمت حق ہونے سے وادی کا ہر فرد غمزدہ ہے ۔مسلم لیگ نے رئیس احمد گنائی کی صورہ میں ہوئی موت پر فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’تل ابیب‘ سے رہنمائی اور گائیڈلین حاصل کر کے دلی جس طرح یہاں انسانی خون کو ارزاں کررہا ہے اور طاقت کے بے جا استعمال سے پُرامن مظاہرین پر آگ و آہن کا بے دریغ استعمال کرکے عام لوگوں کو’ٹارگٹ کلنگ ‘ کرکے نسل کشی کرنے میں مصروف ہے اس پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔پیروان ولایت نے جاں بحق ہوئے نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں چنگیز یت کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کے مظالم سے تحریک آزادی پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں اور کشمیری جوانوں کا خون ضرور رنگ لائے گا ۔ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے سوگوار کنبے سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ’’ افسوس اس بات کا ہے کہ اب نہتے کشمیریوں کو آئے روز افسپا اور دیگر سخت قوانین کی آڑ میں جاں بحق کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل یادیگر عالمی ادارے ان انسان کش قوانین پر اُٹھنے والی آوازوں پر کوئی کان نہیں دھرتے جوانسانی اور جمہوری اقدار پر ایک کاری ضرب ہے۔
قتل و غارت گری مسائل کا حل نہیں :کانگریس
سرینگر/ /پردیش کانگریس نے شوپیاں میں فوجی اہلکاروں کی فائرنگ میں زخمی ہو ئے نو جوان کی ہلاکت پر سخت غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قتل و غارت گری کسی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا۔کانگریس ترجمان نے ہلاکتوں کو بد قسمتی سے تعبیر کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں اور مار دھاڈ کا یہ سلسلہ بند ہو نا چاہئے کیونکہ اس سے ریاست میں امن کو خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کو قائم و دائم رکھنے کے لئے ہلاکتوں کا یہ سلسلہ بند ہو نا چاہئے ۔کانگریس تر جمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے امن و قانون کی صورتحال کو بر قرار رکھنے دوران صبر و تحمل کا زیادہ سے زیادہ مظاہرہ ہو نا چاہئے اور اس سے بھی ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی وجہ سے پہلے سے ہی خراب صورتحال اور ابتر ہو گی لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ ہلاکتوں کا یہ سلسلہ بند کر نے کے لئے اقدامات کرے۔
وزیراعلیٰ فورسزکی لگام کسنے میں ناکام :جنید متو
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے شوپیان فائرنگ واقعہ میں شدید زخمی ہوئے ایک اورنوجوان رئیس احمد گنائی کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سوگواران خصوصاً والدین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر شوپیاں میں یہ چوتھی ہلاکت ہے اور متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو طالبات ابھی بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے عام لوگوں پر فائرنگ کے ایسے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہ عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرنا اور نوجوانوں کا خون بہانے کیخلاف آواز اُٹھانا بھی پی ڈی پی کو برداشت نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کو یہ بات گوارا نہیں ہورہی ہے کہ کوئی عام کشمیریوں کیخلاف ہورہے مظالم کو اُجاگر کرے جبکہ اپوزیشن کے دوران چھوٹی سے چھوٹی بات پر سڑکوں پر نکل کر مگر مچھ کے آنسو بہائے جاتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں سرے سے ہی ناکام ہوگئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بحیثیت یونیفائیڈ کمانڈ سربراہ فوج اور سیکورٹی فورسز پر لگام کسنے اور ایس او پی پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہیں۔