پنشنروں کیلئے محکمہ فائنانس کی ہدایت
۔ 31؍مارچ تک لائف سر ٹیفکیٹ پیش کی جائے
جموں//فائنانس ڈیپارٹمنٹ نے تمام پنشنروں / فیملی پنشنروں جنہوں نے ابھی تک متعلقہ بینکوں میں لائف سر ٹیفکیٹ پیش نہیں کی ہے سے کہا ہے کہ وہ فوراً سے بیشتر اپنی لائف سر ٹیفکیٹ متعلقہ بینکوں میں پیش کریں۔بصورتِ دیگر ان کا پنشن 31؍ مارچ 2018 ء سے آگے روکا جائے گا۔
ایوان میں ویجی لنس رپورٹ پیش
جموں //تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے ویجی لنس آرگنائزیشن کا ششماہی رِپورٹ ایوان میں پیش کیاجو یکم جنوری سے 30؍جون 2016ء اور یکم جولائی 2016 سے 31؍ دسمبر 2016ء تک کی مدت کا ہے ۔اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر اے آر ویری نے قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بدلے ایوان میں ویجی لینس تنظیم کا یکم جنوری 2016 سے لیکر 30 جون 2016 اور یکم جولائی 2016 سے لیکر 31 دسمبر 2016 تک کے ششماہی رپورٹ پیش کئے ۔ ویری نے کل ایوان میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کے 2015-16 کی 59 ویں رپورٹ پیش کی ۔
پالی تکنیک کالجوںمیں کام کر رہے ملازمین کے مشاہرے میں اضافہ: پریاسیٹھی
سرینگر//تکنیکی تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی نے کل کہا کہ حکومت نے مختلف سرکاری پالی تکنیکس میں کنٹریکٹ بنیادوں پرکام کر رہے ملازمین کے مشاہرے میں اضافہ کیا ہے ۔قیصر جمشید لون ، سیف الدین بٹ اور سریندر موہن امباردار کے مشترکہ سوال کے جواب میں وزیر نے ایوان کو بتایاکہ گورنمنٹ پالی تکنیکس میں کنٹریکٹ بنیادوں پر 202 افراد تعینات کئے گئے ہیں ۔ڈگری ہولڈورں( لیکچرر) کا مشاہرہ 7000روپے سے 9000 روپے جبکہ ڈپلو ما ہولڈوروں( ڈمانسٹریٹر) کے مشاہرے میں 6500روپے سے 8500روپے، ڈگری ہولڈر وں( ووکیشنل انسٹریکٹر ) کو 6000روپے سے 7500روپے اور ڈپلوما ہولڈروں ( ووکیشنل انسٹریکٹر) کو 5500روپے سے 7000روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ انفارمیشن کمیشن معمول کے مطابق کام کر رہا ہے: نعیم اختر
جموں//تعمیر ات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کل کہا کہ سٹیٹ انفارمیشن کمیشن ریاستی چیف انفارمیشن کمشنر کی سربراہی میں معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔وزیرنے ایم ایل سی غلام نبی مونگا کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ انفارمیشن کمشنروں کو ریاستی گورنر ایک کمیٹی کی سفارشات کے تحت مقرر کرتے ہیں جو کمیٹی چیئرپرسن وزیر اعلیٰ ، قانون ساز اسمبلی کے حز ب اختلاف کے لیڈر اور ایک کابینہ وزیر پر مشتمل ہیں۔تفصیلات دیتے ہوئے وزیر نے کہاکہ سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کے مطابق اور گورنر کی منظوری کے بعد چیف انفارمیشن کمشنر خورشید احمد گنائی اور سٹیٹ انفارمیشن گنائی محمد اشرف میر کو ایس آر او 76 کے تحت مقرر کیا گیا ۔
’آغا فضل اللہ اتحاد و اتفاق کے علمبردار تھے‘
سرینگر//جامع امام الزماںؑ نوگام سمبل میں زیر تعلیم طالب علموں اور اساتذہ نے آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ جامعہ کے چیئرمین آغا سید شوکت مدنی نے کہا ہے کہ آغا سید محمد افضل اللہ ایک عالم دین تھے جن کا تعلق ایک علمی گھرانے سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی دینی خدمات کیلئے وقف کی تھی۔ اُن کے انتقال کو پوری قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے مدنی نے کہا کہ ان کے انتقال سے قوم ایک ایسے جیدعالم دین سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے ہمیشہ ملی اتحاد کیلئے زبردست محنت کی۔انہوں نے کہاکہ دینی معاملات میں مرحوم کی بے باکی، قوت فیصلہ اور اپنے موقف پر ثابت قدمی مرحوم کا وہ منفرد پہلو ہے جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حکیم علی ہمایوں (حکیم قدرت اللہ)ٹرسٹ نے آغا سید فضل اللہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر ایک جلیل القدر عالم دین سے محروم ہوگئی۔ حکیم علی ہمایوں ٹرسٹ اور ادارہ اوقاف ابوالفضل عباس حکیم محلہ باغبان پورہ نے آغا سید باقر،آغا سید حسن اور دیگر سوگوار ان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے معروف عالم دین اوربزرگ سماجی شخصیت آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اور انکے خانوادے کی دینی، سماجی اورعلمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے میں منہمک رہتے تھے۔
عمر عبداللہ نے بڈگام جاکر پُرسا دیا
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ریاست کے سرکردہ عالم الدین، ممتاز دینی و سماجی شخصیت آغا سید محمد فضل اللہ کے گھر جاکر اُن کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی ۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ مرحوم وسیع النظر عالم دین، مبلغ، دانشور، علمی شخصیت اورملت اسلامیہ کے بہی خواہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تبلیغ دین کے سلسلے میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے مرحوم کے برادر اصغر اورپارٹی لیڈر آغا سید محمود کے ساتھ ساتھ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ و ایم ایل اے بڈگام آغا سید روح اللہ کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔اُن کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور شمالی زون صدر و ایم ایل اے سوناواری ایڈوکیٹ محمد اکبر لون بھی تھے جبکہ ضلع صدر بڈگام حاجی عبدالاحد ڈار اور دیگر تنظیمی عہدیداران بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
شوپیان میں انٹرویو ملتوی
سرینگر//مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس جموں جی اے صوفی کی ایک اطلاع کے مطابق شوپیان میں ’ہیلتھ اینڈ نیوٹرشن موبلائزر‘اسامیوں کیلئے جو آج انٹرویو ہورہا تھا ،اُسے ملتوی کیا گیا ہے۔اگلی تاریخ کا اعلان باضابطہ کیا جائے گا۔
پنڈتوں کو شوراتری سے قبل راشن فراہم ہوگا:جاویدمصطفی میر
جموں //باز آباد کاری اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر جاوید مصطفی میر نے قانون ساز اسمبلی میں کہا کہ حکومت مذہبی تہواروں کے حوالے سے تمام ضروریات سے باخبر ہیں اور ان کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کئے جاتے ہیں ۔ وزیر ایوان میں مبارک گل کی طرف سے ابھارے گئے پوائینٹ آف انفارمیشن کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مائیگرنٹوں کو تین روز پہلے ریلیف دی گئی جبکہ کھانڈ اور دیگر اشیائے ضروریہ ماہ شوراتری سے پہلے پہلے واگذار کیا جائے گا ۔
ادھم پور جیل میں پاکستانی قیدیوں کی حالت ناگفتہ بہ:مسلم لیگ
پاکستانی سفیر اور بشری حقوق کے اداروں سے مداخلت کا مطالبہ
سرینگر//مسلم لیگ نے اُدھم پور جیل میں مقید پاکستانی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے سلوک کیلئے دلی میں مقیم پاکستانی سفیر اور بشری حقوق سے وابستہ تنظیموں سے مداخلت کی اپیل کی اپیل کی ہے ۔ایک بیان میں لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ وہ ان قیدیوں کی حالت زار کا از خود مشاہدہ کریں کہ کس طرح انہیں جسمانی اور روحانی اذیتوں سے دوچارکیا جارہا ہے تاکہ جیل انتظامیہ اپنی اس غیر انسانی اور غیر مہذب روش سے باز آجائے۔ترجمان نے کہا کہ اُدھم پور جیل سے خصوصاََ پاکستانی اسیروں کے بارے میںجو خبریں موصول ہورہی ہیں وہ نہایت ہی دلخراش ہیں جس کی تازہ مثال پاکستان کے تین قیدی علی بھائی،ہاشم اور عبداللہ ہیں جو پچھلے دس برسوں سے بند ہیں اوران تینوں کو پہلے ہی دن سے تنگ و تاریک سیلوں میں بند رکھا گیا ہے ۔سجاد ایوبی نے کہا کہ اپنی بڑاس نکالنے اور دل کو تسکین بخشنے کے لئے اُدھم پور جیل انتظامیہ نے ان پرانے قیدیوں کو جس طرح مسلسل پچھلے ایک مہینے سے ظلم و ستم کا شکار بنایا اور سخت عذاب سے دوچار کرنے کے ساتھ ساتھ قید تنہائی میں رکھا وہ صریحاََ جیل مینول کی خلاف ورزی ہے اور قیدیوں کے حقوق کی بدترین پامالی ہے جس نے ابو غریب اور گوانتاناموبے جیسے جیلوں کے ریکارڈ کو مات دی ہے ۔مسلم لیگ نے ان اسیروںکی زندگیوں کو خطرے میں دیکھتے ہوئے ان کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے اور انہیں فی الفور وادی منتقل کرنے پر زور دیا ہے۔
یاسین ملک کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے قابل مذمت:فرنٹ
سرینگر// لبریشن فرنٹ نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کرنے کیلئے جاری پولیس چھاپوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان کے مطابق پولیس نے کل بعد سہہ پہر لبریشن فرنٹ چیئرمین کے گھر پر چھاپہ ڈالا جہاں وہ موجود نہیں تھے۔واضح رہے کہ یاسین ملک احتجاجی پروگرام کی قیادت کرنے کیلئے بدھ کی شام سے ہی روپوش ہوگئے ہیں۔پولیس نے ملک کو گرفتار کرنے کی غرض سے لبریشن فرنٹ دفتر آبی گزر پر بھی چھاپہ ڈالا جبکہ گزشتہ روز ہی زونل صدر نور محمد کلوال کے گھر واقع ملہ باغ پر بھی پولیس نے تلاشی لی ۔ان پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے تنظیم کے زونل صدر نور محمد کلوال نے کہا ہے کہ یہ چھاپے، قدغنیں اور دوسرے حربے دراصل جموں کشمیر میں بھارتی جمہوریت کو واشگاف کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مزاحمتی خیمہ خاص طور پر مشترکہ قیادت کسی پرامن جمہوری پروگرام کا اعلان کرتی ہے، پولیس کی جانب سے چھاپوں، گرفتاریوںاور دوسرے حربوں کو اختیار کیا جاتا ہے جن کا مقصد اس پروگرام کو ناکام بناکر آواز خلق کو دبانا ہوتا ہے۔
ریاست کو اقتصادی طور پر بااختیار بنا نے کیلئے زرعی شعبے کی ترقی اہم:ناظم زراعت
سرینگر//زرعی شعبے کی ترقی سے ہی ریاست کو اقتصادی طور با اختیار بنایاجاسکتا ہے اور یہی وہ شعبہ ہے جس سے روزگار کے چیلنجوں سے نمٹاجاسکتا ہے ۔ان باتوں کا اظہار ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرابی نے افسران کی ایک میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے محکمہ کی طرف سے بوائی موسم کی شروعات کے سلسلے میں تیاریوں اوربدلتے موسم کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے کئے جارہے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ناظم زراعت نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے جاری غیر متوقع موسمی حالات کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ مقامی سطح کا نہیں بلکہ عالمی سطح کا مسئلہ ہے اوران حالات سے نمٹنے کیلئے زرعی سرگرمیوں کے طریقہ کار میں بدلائو لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ لوگوں کو جدید اورنئے طریقہ کار کی جانکاری دی جائے۔
ترال میں ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا منصوبہ: پریا سیٹھی
جموں//سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے قانون ساز اسمبلی میں مشتاق احمد شاہ اور شکتی راج پریہار کے مشترکہ سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ترال میں ایک ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے سے متعلق منصوبہ حکومت کے زیر غور ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ ڈوڈہ ضلع میں سیاحت سے متعلق سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کیلئے کئی اقدامات شروع کئے گئے ہیں ۔ اس موقعہ پر انہوں نے ریاست کے مختلف علاقوں میں سیاحتی سیکٹر میں ہاتھ میں لئے گئے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ اس موقعہ پر آر ایس پٹھانیہ نے ضمنی سوال پوچھ کر رام نگر حلقے میں سیاحتی وسائل کو بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا ۔
کپواڑہ کے نریگا جاب کارڈ ہولڈروں میں 23 کروڑ روپے تقسیم : عبدالحق خان
جموں//دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے ایوانِ زیریں میں بشیر احمد ڈار کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کپواڑہ میں رواں مالی سال کے دوران 74538 ایم جی نریگا کارڈ ہولڈروں میں 23.91 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ۔ جس کی بدولت 1572609 ایامِ کار دستیاب ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ضلع میں ایم پی لیڈ کے ساتھ کنور جنس کے تحت 260 کام بھی ہاتھ میں لئے گئے ۔
بانڈی پورہ میں 132 کے وی ترسیلی لائین پر کام جاری: نائب وزیر اعلیٰ
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے قانون ساز اسمبلی میں عثمان مجید کی طرف سے ابھارے گئے پوائینٹ آف انفارمیشن کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بانڈی پورہ ضلع میں 132 کے وی ترسیلی لائین پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس ترسیلی لائین کو چار ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا ۔
گلمرگ میں اسلامک فریٹرنٹی کا دعوتی پروگرام
مہمان سیاحوں کو اسلام کے پیغام سے روشناس کیا گیا
سرینگر// گلمرگ کی وادیوں میں اسلامک فریٹرنٹی نے اپنی نوعیت کے پہلے منفرد دعوتی پروگرام میں بیرون ریاستوں سے آئے ہوئے مہمان سیاحوں کو اسلام کے پیغام سے روشناس کیا۔مہمان سیاحوں کو کشمیری مشروب قہوہ بھی پیش کیا جاتا رہا۔اس حوالے سے گلمرگ میں ایک عارضی خیمہ میں 7 روز تک دہلی اور وادی کے مختلف علاقوں سے وابستہ رضاکاروں نے قہوہ کی پیالی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو دین اسلام کے پیغام سے روشناس کرایا اور ان میں قرآن کریم کے تراجم اور دیگر اسلامی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا تاکہ سیاحوں کے ذہن میں اسلام سے متعلق شبہات کا ازالہ کیا جائے۔منتظمین کے مطابق گلمرگ میں یہ سات روزہ پروگرام اسلامک فریٹرنٹی کی طرف سے منعقد کئے جانے والے مختلف انواع کے دعوتی سرگرمیوں کا ہی ایک حصہ تھا۔ 7 روز کے دوران 800 سے زائد غیر مسلم سیاحوں سے رابطہ کیا گیا۔ کسی امکانی ایمرجنسی سے نپٹنے کیلئے ایمبولنس سروس کا بھی انتظام رکھا گیا تھا۔اسلامک فریٹرنٹی کے صدر محمد عامر کے مطابق اس پروگرام کا مقصد غیر مسلم سیاحوں کو کشمیری مسلمانوں کی مہمان نوازی سے آشنا کرنا اور ساتھ ہی ان تک اسلامی تعلیمات پہنچانا تھا۔محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر محمود احمد شاہ اور سی ای او گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید حنیف بلخی کا بھی محمد عامر نے بھر پور تعاون کیلئے شکریہ ادا کیا۔
بلبل نوگام میں پینے کے پانی کی قلت،عوام پریشان
اننت ناگ//ملک عبدالسلام//بلبل نوگام کے محلہ بونہ گام میں پینے کی پانی کی عدم دستیابی سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ علاقے میں 40سال پرانی پائپ لائن نصب ہے جسے بدلنے کی کبھی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ان خستہ حال پائپوں کو فوری طور بدلنے کی ضرورت ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں آگاہ کیا گیا لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔لوگوں نے پی ایچ ای کے وزیر سے مطالبہ کیا کہ انہیں اس پریشانی سے نجات دلانے کیلئے فوری طور اقدام کیا جائے۔
دیو سر میں سڑکوں کو بڑھاوا دینے کا معاملہ زیر غور: نعیم اختر
جموں//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے قانون ساز اسمبلی میں محمد امین بٹ کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیو سر حلقے میں مختلف سڑک پروجیکٹوں کو بڑھاوا دینے کا معاملہ حکومت کے زیر غور ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیو ڈورہ سے وائی کے پورہ اور دیگر علاقوں تک بڑھاوا دینے کا کام سی آر ایف کے تحت ہاتھ میں لیا جا رہا ہے ۔ وزیر موصوف نے اس موقعہ پر حلقے کے دیگر سڑک پروجیکٹوں کے حوالے سے تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔
اننت ناگ میں تربیتی کیمپ
اننت ناگ//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر اننت ناگ کی طرف سے 7فروری2018 سے سروس سلیکشن بورڈ کے سلسلے میں خواہشمند امیدواروں کی خاطر کوچنگ اورتربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کےلئے 3فروری سے رجسٹریشن کا عمل شرو ع ہوگا۔اس سلسلے میں مزید جانکاری کے لئے 8491033115 اور8825003430 نمبرات پر رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔
طلاب نے اسمبلی کی کاروائی کا مشاہدہ کیا
جموں// قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے ایوان میں مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلاب کا خیر مقدم کیا ۔ ان طلاب نے ایوان کی کاروائی کا مشاہدہ کیا اور بذاتِ خود یہ دیکھا کہ ارکانِ اسمبلی کس طرح ایوان میں عوامی نوعیت کے معاملات اجاگر کرتے ہیں ۔
ڈی سی اننت ناگ نے رنبیر پورہ اوررامپورہ علاقوں کا دورہ کیا
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے رنبیر پورہ مٹن میں نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر کی تعمیر جگہ کا معائنہ کیا۔اس وقت کی بنیادی سطح کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ہیلتھ سینٹر کی تعمیر پر 1.85کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت آرہی ہے۔ترقیاتی کمشنر نے پروجیکٹ کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ایجنسی پر کام کی رفتار میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے رامپور میںبھی نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر کی تعمیری جگہ کا دورہ کرکے کام کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔
لبریشن فرنٹ کا پارٹی لیڈر سے اظہار تعزیت
سرینگر//لبریشن فرنٹ کے زونل صدرنور محمد کلوال نے پارٹی کے مرکزی آرگنائزر سراج الدین میر کے ماموں عبدالرشید جان ساکن سون ٹنگمرگ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کےلئے جنت نشینی کی دعا کی ہے۔فرنٹ کے ایک وفد نے مرحوم کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔وفد میں ضلع صدر عبدالرشید مغلواور ضلع سیکریٹری غلام قادر خان اور مولوی ریاض احمد شامل تھے ۔
انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مجالس عزائ
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے خصوصی مجالس عزاءکا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں سب سے بڑے پروگرام منعقد ہوئے جہاں تنظیم کے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی۔ مجموعی طور پر دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کرکے حضرت فاطمہ ؑ کی خدمت میںخراج عقیدت نذر کیا۔اس موقعہ پر آغا سید محمد فضل اللہ اور آغا سید محمد حسین کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحومین کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعائیں کیں گئیں۔
بانڈی پورہ مےں چرس ضبط،ملزم گرفتار
سرےنگر//بانڈی پورہ پولےس نے منشےات کے خلاف ایک کارروائی میں سات سو گرام چرس ضبط کرکے ڈرگ اسمگلر کو گرفتار کر لےا ۔بانڈی پورہ پولےس نے اےس ڈی پی او سمبل شخ طاہر امےن اور اےس اےچ او سمبل پروےز احمد کی قےادت مےں پولےس پارٹی نے رکھ عشم کے نزدےک ناکے کے دوران اےک ماروتی کار زےر نمبر DL2CZ3778 سے تلاشی کے دوران ماروتی ڈرائےور عبدالحمےد ساکن مر کنڈل کی تحوےل سے سات سو گرام چرس (پاوڈر)ضبط کر لےا ۔پولےس نے ملزم کو گرفتار کر کے کےس زےر نمبر 15/18 اندراج کرکے تحقےقات شروع کی ۔