سرینگر//پیپلز پولٹیکل فرنٹ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، پیپلز فریڈم لیگ ، پیپلز لیگ نے شوپیاں چلو کال کو طاقت کے بل پر ناکام بنانے اور مزاحمتی لیڈروں کی گرفتاریوں اور خانہ نظربندیوں پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پولٹیکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے جنوبی کشمیر کے غیور عوام بالخصوص شوپیاں کے عوام جو اس وقت چاروں اور سرکاری فوسز کے عذاب وعتاب کا شکار ہورہے ہیں ،کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہو کہاکہ شوپیاں میں پیش آئیے حالیہ ہلاکت خیز واقعات جس میں اب تک پانچ معصوم اور نہتے جواں سال بچوں کی جانیں تلف ہوگئی ہیں کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہئے۔ انہوں نے کہا گو کہ اس طرح کی یہ خون آشام کارروائی بھارتی فورسز کی جانب سے اہل کشمیر کے خلاف کوئی پہلی کاروائی نہیں ہے اور شاید آخری بھی نہیں ہوگی تاہم جس طرح یہ کاروائی انجام دی گئی ہے اس سے بھارتی فوسز کی بربریت اور اُس انتقامی جذبے کی حد کا خوب اندازہ لگایا جاسکتا ہے جو جنوبی کشمیر کی آزاد پسند عوام کے خلاف ان کے سینوں میں پنپتا دیکھائی دے رہا ہے اور اب جو اس سانحہ میں ملوث فوسز اہلکاروں کو قانونی سرزنش سے بچانے کے لئے موجودہ مخلوط سرکار سے وابستہ سیاسی لوگ ہاتھ پاوں مار رہے ہیں اس سے بھارت کی موجودہ فرقہ پرست سرکار کے ارادوں کا بھی اندازہ ہوتا ہے ۔مصدق عادل کو فورسز نے پانتھ چھوک کے قریب دوسرے کئی حریت کارکنوں سمیت صبح دس بجے سے تین بجے تک اپنی تحویل میں رکھکر شوپیاں جانے سے روکا اور پھر سرینگر لاکر چھوڑ دیا۔ ادھر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے کہا کہ بھاری فورسز جمائو کے نتیجے میں عام شہریوں کی زندگیاں ہر وقت خطرے میں رہتی ہیں۔مولانا طاری نے ایک بار پھر بلاجواز پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مذہبی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اب سرزمین کشمیر کا معمول بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قتل و غارت گری کا یہ طرز عمل نئی دلی کی اُس سوچ کا مظہر ہے جس میں تنازع کشمیر سے متعلق غیر اصولی پالیسی اپنائی جارہی ہے اور جس کا منطقی نتیجہ تباہی و بربادی کی صورت میں نکل رہا ہے۔ چونکہ تنازع کشمیر ایک سیاسی تنازع ہے جس کے حتمی حل کیلئے نہ قتل و غارتگری کام آسکتی ہے اور نہ یہ مسئلہ گرفتاریاں عمل میں لانے یا پابندیاں عائد کرنے سے حل ہوسکتا ہے۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے حکومت کی طرف سے ’’شوپیاں چلو‘‘ پروگرام کو ناکام بنانے کی کاروائی پر اپنے شدیددرعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔ ترجمان نے حریت قیادت کا کریک ڈاون کر کے بیشتر رہنمائوں کو تھانہ و خانہ نظر بند کرنے کی کاروائی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے مزاحمتی قیادت کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتاہے۔ادھر فریڈم لیگ کے ترجمان نے گزشتہ دنوں گنہ پورہ شوپیان میں فورسز کی براہ راست فائرنگ میں شدید طور پر زخمی ہوئے رئیس احمد اور معصوم بچہ مشرف فیاض کے دم توڑنے پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔اس دوران پیپلز لیگ کے ترجمان عبدالحمید الٰہی نے حکومت کی طرف سے ’’شوپیاں چلو‘‘ پروگرام کو ناکام بنانے کیلئے حریت قیادت کا کریک ڈاون کر کے بیشتر رہنمائوں کو تھانہ و خانہ نظر بند کرنے کی کاروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے سینئر وائس چیرمین محمد یاسین عطائی کی کل دوبارہ گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ دریں اثنا ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،طہور صدیقی اور روف احمد نے قتل و غارت گری کیخلاف کریشہ بل نورباغ میں ایک پر امن احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس بربریت اور ظلم کا مظاہرہ بھارتی فورسز کشمیر میں انجام دے رہا ہے اس سے انصانیت کا دل دہل اٹھتا ہے ۔