سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میںمنعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں آنے والے مہا شیوراتری تہوار کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا گیااورکشمیر میں اقلیتی برادری کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،ناظم تعلیم اور مختلف محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران تہوار کے احسن طریقے سے انعقاد کے لئے مختلف معاملات بشمول سیکورٹی،ٹریفک،پانی اور بجلی کی بلا خلل سپلائی نیز صحت وصفائی ستھرائی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ مہاشیوراتری تہوار کے سلسلے میں کئی اہم مقامات پر موبائیل وینوں کے ذریعے مچھلی ،سبزیاں ،ندرو،پالک،پنیر ،اخروٹ اوردیگر اشیاء فروخت کی جارہی ہیں۔رسدات اور امور صارفین محکمہ کو پنڈت برادری کے لئے راشن،مٹی کا تیل اوردیگر اشیأ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔اس سے قبل آل پارٹیز ما ئیگرنٹ کوارڈینیشن کمیٹی نے پنڈت برادری کو وادی میں درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو ان مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ناظم تعلیم کو مہاجر اساتذہ کی تنخواہوں کے بقایاجات فوری طور واگذار کرنے کی بھی ہدایت دی۔