جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے قانون ساز اسمبلی میں راجیو جسروٹیہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی کابینہ نے 200مڈل سکولوں کا درجہ ہائی سکولوں جبکہ 200ہائی سکولوں کا درجہ ہائیر سیکنڈری سکولوں تک بڑھانے کو منظور ی دی ہے۔وزیرنے مزید کہاکہ بڑھاوا دئیے جانے والے سکولوں کی نشاندہی محکمہ تعلیم قوانین کے مطابق ارکان قانون سازیہ کہ مشاورت کے بعد کرتا ہے ۔تاہم انہوںنے وضاحت کی کہ سکولوں کی اَپ گریڈیشن رقومات کی دستیابی اور درکار عملے اور بنیادی ڈھانچے کو وجود میں لانے کے بعد کی جائے گی۔دریں اثنا دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان نے شکتی راج پریہار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سال 2016-17 اور سال 2017-18کے دوران پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 11653 رہائشی یونٹ منظور کئے گئے ۔انہوںنے کہاکہ پہلی قسط 9830، دوسری قسط 1277اور تیسر ی قسط 56 مستحقین میں واگذار کی گئی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ اب تک 13مکانات مکمل کئے جاچکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ڈویژنل سطح پر مالی معاونت کی الاٹمنٹ میںکوئی تفاوت نہیں ہے ۔ایک ضمنی سوال کو جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ایم جی نریگا کا عملہ تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے پروگرام کی عمل آوری میں ایک اہم رول ادا کر رہا ہے ۔