سرینگر /پرویز احمد/خنزیری وائرس (ایچ ون این ون) کے بعد وادی میں ایچ تین این دو آسی فلووائرس (آسٹریلیوی) کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے اورسال 2017 میں ایچ تین این دونامی وبائی بیماری سے دو افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔ شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی جانب سے یکم فروری 2018کو جاری کی گئی فہرست میں ایچ ون این ونسے جاں گنوانے والے افرادکے ناموں کا اندراج کیا گیا ہے وہیں اس فہرست میں اس بات کا اعتراف بھی کیا گیا ہے کہ وادی میں موجودہ سردیوں کے دوران 2افراد H3N2(Aussies flue) نامی بیماری کے شکار ہوکر دم توڑ بیٹھے ہیں۔شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی جانب سے یکم فروری 2018کو H1N1 نامی وبائی بیماری سے جان گنوانے والے 30افراد کی فہرست جاری کی گئی جس میں H1N1 سے جان گنوانے والے 30افراد میں دو کی موت H3N2 (Aussies flue) سے ہوئی ہے۔ یکم فروری 2018کو جاری کی گئی فہرست کے مطابق گاندربل سے تعلق رکھنے والا 75غلام رسول وانی ساکنہ گاندربل ایم آر ڈی نمبر 1016121کے تحت اسپتال کے اسولیشن وارڈ میں 28نومبرٔ7 201 کو داخل کیا گیا تھا جہاں وہ 3 دسمبر 2017کو دم توڑ بیٹھا ۔ سیکمز کی طرف سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق مذکورہ مریض چھاتی کے مرض میں مبتلا تھا اور بعد میں H3N2کی وجہ سے دم توڑ بیٹھا۔ فہرست کے مطابق سرینگر کے سعیدہ پورہ سے تعلق رکھنے والے 60غلام محمد عالی بھی H3N2 کی وجہ سے دم توڑ بیٹھا ہے۔