سری نگر// نئی دہلی کی ایک عدالت نے سیدصلاح الدین کے محبوس فرزندسیدشاہدیوسف کی جوڈیشل حراست میں 7مارچ تک توسیع کردی ۔ مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتارشاہدیوسف کوسوموارکے روزپٹیالہ ہائوس کورٹ نئی دہلی کی خاتون جج پونم بھامبے کے سامنے پیش کیاگیا۔این آئی اے کے وکیل نے دلائل دئیے اورخاتون جج نے شاہدیوسف کی جوڈیشل حراست میں 7مارچ تک کی توسیع کافیصلہ صادرکیا۔خیال رہے حزب سپریموسیدصلاح الدین کے فرزندسیدشاہدیوسف کواین آئی اے نے ماہ اکتوبر2017کے آخری ہفتے نئی دہلی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کرنے کے بعدحراست میں لیاتھا،اورکچھ وقت تک پوچھ تاچھ کیلئے اپنے پاس رکھنے کے بعداین آئی اے نے شاہدیوسف کونئی دہلی کی ایک عدالت میں پیش کرکے جج سے موصوف کوجوڈیشل حراست میں دینے کی درخواست کی ۔پٹیالہ ہائوس کورٹ کی خاتون جج نے شاہدیوسف کوجوڈیشل حراست میں بھیج دیا،اوراسکے بعدشاہدکوتہاڑجیل بھیج دیا۔گزشتہ لگ بھگ 4ماہ سے تہاڑجیل میں ایام اسیری کاٹ رہے شاہدیوسف کی جوڈیشل حراست میں آج تک کئی مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔