سرینگر//حریت (گ) ،حریت (ع) اور لبریشن فرنٹ نے مسلم دینی محاذ کے سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کے قید و بند میں 25 سال گزرنے کے موقعہ پر ان کی عزیمت اور ہمت و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں تحریک مزاحمت کا ایک روشن ستارہ قرار دیا ہے۔حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے ڈاکٹر محمد قاسم کے صبرو استقلال اور تحریکی جذبات کو لائق تحسین وصد آفرین قرار دیتے ہوئے اُنہیں رواں تحریک مزاحمت کا ایک روشن ستارہ قرار دیا۔ حریت چیرمین نے ڈاکٹر قاسم اور ان کے خاندان کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ڈاکٹر محمدقاسم فکتواور انکے ساتھ قید غلام قادر بٹ اور دوسرے کئی اسیروں کے ایام اسیری کو طول بخشنے کی کاروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ایک معروف مذہبی اسکالر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی شخصیت بھی ہیں اورانہیں اور دوسرے قیدیوں کو صرف اپنے سیاسی نظریات کی وجہ سے مسلسل قید میں رکھا جارہا ہے جو حد درجہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح درجنوں دوسرے اسیر جن میں سید ساجد حسین بخاری قابل ذکر ہیں بھی پچھلی کئی دہائیوں سے مسلسل اسیر ہیں اور ان کی اسیری کو طول بخشنے کیلئے بھی حد درجہ مذموم اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر اور بھارتی جیل قوانین(Manual)کے تحت بھی دیکھا جائے تو ڈاکٹر محمدقاسم فکتو، غلام قادر بٹ اور دوسرے اسیر کئی برس قبل ہی رہائی پاچکے ہوتے لیکن جموں کشمیر کے دوسرے معاملات ہی کی مانند اسیروں کے یہ معاملے بھی محض سیاسی نظریات اور تعصب کی عینک لگاکر دیکھے جاتے ہیں اور بھارتی حکمران اور انکے کشمیر ی گماشتے جملہ عالمی قوانین اور خود بھارتی قوانین کی بھی مٹی پلید کرنے سے نہیں کتراتے ہیں۔ حریت کانفرنس’’ع‘‘ نے ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کے قید و بند میں 25 سال گزرنے کے موقعہ پر ان کی عزیمت اور ہمت و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف گزشتہ دو دہائی کے زیادہ عرصے سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور اس دوران عدالتی احکامات کے باوجود موصوف کی رہائی کو عمل میں نہیں لایا جارہا ہے ۔حریت ترجمان نے موصوف کے تئیں سرکاری سطح پر رچائی جارہی غیر انسانی اور غیر جمہوری طرز عمل کو حد درجہ افسوناک قرار دیتے ہوے کہا کہ25 سال تک مقیدت رکھنے کے باوجود انکی رہائی کو موخر کئے جانا ہر لحاظ سے عدل و انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے ۔