سرینگر//ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے مقبول بٹ کوخراج پیش کرتے ہوئے کہا کرمقبول بٹ جیسے سیاسی اور انقلابی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جنکی قومیں تقلید کرنے پر خودبخود مجبور ہو جاتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ جب پوری قوم مقبول بٹ کو رواں تحریک کا موجد سمجھتے ہیں تو آر پار جموں کشمیر کی خود مختاری کے منزل کو حصول مقصد تک لے جانے میںایک پلیٹ فارم ،ایک نعرہ اور ایک منزل کو ہی تحریکی، تقریری اور عملی طور پر اپنا نے کی ضرورت ہے۔ تنظیم کی طرف سے موصولہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ شہادت کی مناسبت سے لبریشن پارٹی کے دفتر پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُنکی سیاسی اور جمہوری سوچ کے تناظر میں ہی مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا ۔محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 9اور11فروری کواُن کی برسیوں کے سلسلے میں مکمل ہڑتا ل کرکے بھارت پر یہ بات واضح کردیں کہ جموں کشمیرکے لوگ اپنے جانثاروں کو نہیں بھولے ہیں۔ایک بیان میںفریڈم پارٹی نے کہا کہ دونوں تحریک آزادی کی راہ میں مشعل برداروں کا کام انجام دے رہے ہیں۔ کشمیری قوم انہی جیسے افراد سے تحریک حاصل کرکے آزادی کی راہ پر گامزن ہیں اور تب تک رہیں گے جب تک آزادی کی منزل حاصل ہوتی ہے۔پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے محمدمقبول بٹ اورمحمد افضل گورو کو تحریک آزادی کشمیر کے محسن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اِنہوں نے خود کو کشمیر کی تحریک ِآزادی کیلئے وقف کردیا تھا اور آخر میں اپنی جان بھی اس تحریک کیلئے دے دی۔ خان سوپوری نے کہا کہ ان کی قربانیوں کا حق تب تک ادا نہیں ہوسکے گاجب تک مسلسل جدجہد کے ذریعے بھارت سے مکمل آزادی حاصل نہیں کی جاتی۔