سوپور //سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر پتو کھاہ سوپور کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹرک نے کار کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں کار میں سوارایک22سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیاجبکہ 2دیگربری طرح سے زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔منگل کی دوپہرسرینگر بارہمولہ شاہراہ پر واقع پتو کھاہ سوپور کے قریب ایک ایل پی ٹرک زیر نمبرJKo5C/1729 ٹرک نے مخالف سمت سے آرہی آلٹوK10 کارزیر نمبر JK05G/0237 کو اپنی زد میں لایا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، اس وقت ٹرک انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جارہا تھا۔اس واقعہ میں کار میں سوار3مسافر شدید زخمی ہوکر خون میں لت پت ہوگئے ۔ ٹکر اس قدر زوردار تھی کہ کار مکمل طورتباہ ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے تینوں زخمیوں کو تباہ شدہ کار سے باہر نکال کر فوری طور سب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں شامل22سالہ سید حمایت شاہ ولد محمد اشرف شاہ ساکن کھور شیر آباد پٹن کو مردہ قرار دیا ۔ڈاکٹروں نے اشفاق احمد صوفی ولد غلام محمد ساکن اوم برن پٹن کی حالت تشویشناک قرار دی ۔ڈاکٹروں کی صلاح پر مذکورہ نوجوان کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا اوراس کی حالت بدستور نازک بتائی جاتی ہے۔جب سید حمایت کی میت اس کے آبائی گھر پہنچائی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔(مشمولات کے ایم این )