سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے ایک اجلاس میں ہندوستان اور پاکستان کے سربراہوں سے پُرزور اپیل کی گئی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ برصغیرخصوصاً ریاست میں امن لوٹ آسکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہِ جمعیت مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ بات چیت سے ہی مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکل سکتا ہے جس میں ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کی نمائندگی از حد ضروری ہے، کیونکہ کشمیری عوام ہی مسئلہ کشمیر کے اولین فریق اور سرزمین کشمیر کے مالک ہیں۔ یو این او کے جنرل سکریٹریوں، امن پسند ممالک اس مسئلے کو حل کرنے کی اپیلیں بار بار کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ہندوستان اور پاکستان کے لوگ خاص کر اہل کشمیر امن، خوشحالی، ترقی کی زندگی بسر کرسکتے ہیںِجو اس وقت ایک تباہ کن دور سے گزر رہے ہیں اور اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکار ہیں۔